یواے ای نے اخوان کو دہشت گردی قراردینے کی حمایت کردی،دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کی ہر طرح سے حمایت کا اعلان کرتے ہیں ،وزارت خارجہ

پیر 10 مارچ 2014 07:36

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء)متحدہ عرب امارات نے مصر کی مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کو سعودی عرب کی جانب سے دہشت گرد قراردینے کی حمایت کردی ہے جس کے بعد مصری جماعت اور اس کی علاقائی شاخوں پر خلیجی عرب ریاستوں کے دباوٴ میں اضافہ ہوگیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ''یو اے ای کی حکومت ان دہشت گرد گروپوں کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کی ہر طرح سے مدد کرے گی اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا''۔

بیان کے مطابق ''اس نازک مرحلے میں سعودی مملکت کی جانب سے اہم اقدام اس بات کا متقاضی ہے کہ عرب اور مسلم قوم کی سلامتی اور استحکام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مشترکہ کوششیں کی جائیں''۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے گذشتہ جمعہ کو مصر کی اخوان المسلمون سمیت چار جنگجو گروپوں کو دہشت گرد قراردے دیا تھا۔العربیہ ٹیلی ویڑن چینل کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو جاری کردہ ایک سعودی شاہی فرمان میں اخوان المسلمون کے علاوہ سعودی مملکت میں لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کی شاخ اور شام میں صدر بشارالاسد کی حکومت کے خلاف برسرپیکار دو گروپوں دولت اسلامی عراق وشام (داعش) اور النصریٰ محاذ کو دہشت گرد قراردیا گیا ہے۔

شاہی فرمان کے مطابق ان مذکورہ چاروں گروپوں کی رکنیت اختیار کرنے،ان کی مالی معاونت اور ان کی حمایت کرنے والوں کو فوجداری مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس کے علاوہ غیرمجاز فتوے جاری کرنے پر بھی پابندی عاید کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ مصر نے سب سے پہلے دسمبر2013ء میں اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قراردے دیا تھا اور اس پر ملک کے مختلف علاقوں میں بم دھماکے کرانے کا الزام عاید کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :