کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کیلئے جن چھ آئل ڈپو کھولنے کی منظور ی دی

پیر 10 مارچ 2014 07:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) نے تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے کیلئے جن چھ آئل ڈپو کھولنے کی منظور ی دی ہے ان میں تین کے پاس لائٹ ڈیزل، ایک کے پاس پیٹرول اور ایک ڈپو میں مٹی کا تیل ذخیرہ کرنے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ۔"خبر رساں ادارے "کے پاس دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق ای سی سی نے جن بند شدہ چھ آئل ڈپو کھولنے کی منظوری دی ہے ان میں دولت پور ،خضدار اور سرائے نورنگ ڈپوں میں لائٹ ڈیزل ذخیرہ کرنے کی گنجائش صفرہے جبکہ خضدار کے ڈپو میں پیٹرول اور دولت پور کے ڈپو میں مٹی کا تیل ذخیرہ کرنے کیلئے کسی قسم کی کوئی صلاحیت موجود نہیں ۔

دستاویز ات کے مطابق چھ آئل ڈپو کھولنے کیوجہ پاکستان سٹیٹ آئل( پی ایس او) اور شیل پاکستان لمیٹڈ کے پاس مجموعی طور پر 26ہزار 297میٹرک ٹن آئل ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھ جائیگی اور دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیز اپناسٹاک مینٹین کرنے کیلئے ان علاقوں میں اپنے طور پر آئل ڈپو تیا ر کریں گے ۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی دستیابی میں کمی اور جنریٹرز میں موگیس کے استعمال کیو جہ سے گذشتہ دو سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی طلب میں 21فیصد اضافہ ہوا ہے ۔یاد رہے کہ ای سی سی نے گزشتہ ہفتے جن چھ آئل ڈپو کھولنے کی منظوری دی ہے ان میں دولت پور ،خضدار ،سنگی ،حبیب آباد ،کندیاں اور سرائے نورنگ کے آئل ڈپو شامل ہیں۔