جمشید دستی کل پارلیمنٹ کی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونگے، پارلیمنٹ لاجز کے ڈی ایس پی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت طلب ،پارلیمنٹرین کی عزت کا سوال ہے دستی کو ثبو ت پیش کر نا ہو نگے ، روحیل اصغر

پیر 10 مارچ 2014 07:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء) جمشید دستی کل (منگل کو ) پارلیمنٹ کی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق سپیکرسردار ایاز صادق کی جانب سے جمشید دستی کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز میں شراب اور لڑکیاں لائے جانے کے حوالے سے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جس کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر ہیں اور اس حوالے سے کمیٹی کا یہ دوسرا اجلاس ہوگا ۔

اس سلسلے میں پارلیمنٹ لاجز کے ڈی ایس پی کو بھی طلب کیا ہے جو پارلیمنٹ لاجز میں سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت پیش ہونگے ۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں ہونے والے پہلے اجلاس میں جمشید دستی نے یہ کہہ کر پیش ہونے سے انکار کردیا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے اور انہوں نے اجلاس کی کارروائی میں حصہ نہیں لیا تھا ادھر قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ جمشید دستی کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کے بعد اب ان کا حق بنتا ہے کہ وہ خصوصی کمیٹی میں پیش ہوں اور اپنا بیان قلمبند کرائیں ۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے جو ثبوت دیئے ہیں اس پر انہیں اپنا موقف بھی پیش کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام پارلیمنٹرین کی عزت کا سوال ہے لہذا اب انہیں کمیٹی کے سامنے پیش ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اعلیٰ سطحی کمیٹی اس حوالے سے تحقیقات کررہی ہے اس سلسلے میں ہم نے پارلیمنٹ لاجز کے ڈی ایس پی کو بھی طلب کرلیا ہے جو ریکارڈ سمیت پیش ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :