سپریم کورٹ میں رواں عدالتی ہفتے کیلئے 6بنچ تشکیل،چیف جسٹس کی سربراہی میں فل بنچ آج تھرپارکر قحط سالی ازخود نوٹس کیس کی سماعت کریگا

پیر 10 مارچ 2014 07:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء) سپریم کورٹ اسلام آباد پرنسپل سیٹ کیلئے (آج) سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کیلئے 6 بنچ تشکیل دے دئیے گئے‘ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں فل بنچ (آج) پیر کو تھرپارکر میں قحط سالی کے باعث 100 سے زائد بچوں کی ہلاکت کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کیس میں چیف سیکرٹری سندھ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ دیگر متعلقہ محکموں کا جوافسر عدالت میں پیش ہو وہ کم از کم ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے کا ہو۔

عدالت نے تمام متعلقہ محکموں سے رپورٹ مانگی ہے کہ بتایا جائے کہ کس محکمے کی غفلت کے باعث اتنے بڑے پیمانے پر بچوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ اسلام آباد کچہری میں دہشت گردی کے واقعہ کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت بھی کی جائے گی۔