آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ،بالرز میں سعید اجمل جبکہ آل راوٴنڈرز میں محمد حفیظ کی بادشاہت برقرار ،لے بازی میں بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی سرفہرست ہیں، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقا کے ابراہم ڈی ویلئیرز، تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے جارج بیلی اور چوتھے نمبر پر جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ براجمان،قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق دو درجے تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر موجود ہیں

پیر 10 مارچ 2014 07:29

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے جس کے تحت بالرز میں سعید اجمل جبکہ آل راوٴنڈرز میں محمد حفیظ کی بادشاہت برقرار ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق بلے بازی میں بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی سرفہرست ہیں، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقا کے ابراہم ڈی ویلئیرز، تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے جارج بیلی اور چوتھے نمبر پر جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ براجمان ہیں، اس کے علاوہ سری لنکا کے سنگاکارا، بھارت کے مہندر سنگھ دھونی، انگلینڈ کے جوناتھن ٹروٹ، بھارت کے شیکر دھون جبکہ سری لنکا کے تلکارتنے دلشان بالترتیب پانچویں، چھٹے، ساتویں ، آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹاپ ٹین بلے بازوں میں دسواں نمبر پاکستان کے مسٹر ٹک ٹک مصباح الحق کا ہے جن کی حالیہ رینکنگ میں دو درجے تنزلی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

بالنگ میں پاکستان کے جادوگر اسپنر سعید اجمل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور وہ بہترین بالرز میں سب سے آگے ہیں، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین، تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن، چوتھے نمبر پر انگلینڈ کے اسٹیفن فن اور پانچویں نمبر پر بھارت کے رویندر جدیجا موجود ہیں اس کے علاوہ پاکستان کے محمد حفیظ 12ویں اور جنید خان 15ویں نمبر پر ہیں۔

ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کے آل راوٴنڈرز میں پروفیسر کی عرفیت سے مشہور پاکستان کے محمد حفیظ پہلے نمبر پر موجود ہیں، دوسرے نمبر پر انجیلو میتھیو، تیسرے پر شکیب الحسن، چوتھے نمبر پر رویندر جدیجا، پانچویں نمبر پر شین واٹسن، چھٹے نمبر پر تلکارتنے دلشان جبکہ ساتویں نمبر پر بوم بوم آفریدی موجود ہیں۔