پاکستانی روپیہ نے با لآخرڈالر کو آسمان سے زمین پر گرا دیا ،انٹر بینک میں ڈالر7 ماہ کی کم ترین سطح پرآگیا،اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسیاں اپنی بلند قدر کھو بیٹھیں

منگل 11 مارچ 2014 08:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مارچ۔2014ء ) پاکستانی روپیہ نے با لآخرڈالر کو آسمان سے زمین پر گرا دیا ، پیر کوانٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر7 ماہ کی کم ترین سطح پرآگیاجبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کے سامنے ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسیاں اپنی بلند قدر کو کھو بیٹھیں ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق ۔گذشتہ ہفتے روپے کی قدرمیں بہتری کے بعد ڈالر سستا کیا ہوا مارکیٹ سے خریدار ہی غائب ہوگئے اب انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر بے یار و مددگا رپڑا ہے اور روپیہ سر چڑھ کر بول رہا ہے ۔

مسلسل کئی مہینوں کی بے قدر ی کے بعد پاکستانی روپیہ نے اپنی قدر بتا دی ہے۔ کاروباری ہفتہ کے آغاز پر انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر ،یورو اوربرطانوی پاونڈ کی قدر میں1.80روپے سے4.50روپے تک کی ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

(جاری ہے)

فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 1.80روپے کی نمایاں کمی ہوئی جس سے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 102.90سے کم ہو کر 101.15روپے اور قیمت فروخت 103روپے سے کم ہو کر101.20روپے پر آگئی اسی طرح 1.55روپے کی کمی سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 102.80روپے سے کم ہو کر101.20روپے اور قیمت فروخت 103 روپے سے کم ہو کر101.45روپے ہو گئی ۔

فوریکس رپورٹ کے مطابق پیر کو یورو کی قدر بھی3.15روپے گھٹ گئی جس سے یورو کی قیمت خرید142روپے سے کم ہو کر138.85روپے اور قیمت فروخت 142.25روپے سے کم ہو کر 139.10 روپے ہو گئی اسی طرح4.40روپے کی ریکارڈ کمی سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 171روپے سے کم ہو کر 166.60روپے اور قیمت فروخت 171.25روپے سے کم ہو کر166.85روپے ہو گئی ۔فوریکس رپورٹ کے مطابق پیر کو یو اے ای درہم اور سعودی ریال کی قدر میں بالترتیب65پیسے اور50پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یو اے ای درہم کی قیمت خرید 28.20روپے سے کم ہو کر27.55روپے اور سعودی ریال کی قیمت خرید27.50روپے سے کم ہو کر27روپے پر آگئی۔

ذزرائع کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاراوربرآمد کندگان نے ہولڈنگ کئے گئے ڈالر فروخت کرنا شروع کردیا ہے۔ مارکیٹ زرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ڈالرخریدنے والا کوئی بڑا خریدار نہیں ہے ،ماہرین کا کہنا ہے کہ کویت اور سعودی عرب کی جانب سے چھ ماہ کی کریڈٹ فیسلیٹی ملنے کے بعد کیش فلو پردباؤمیں کمی آئی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ سعودی عرب کی جانب سے 75 کروڑ ڈالر کی گرانٹ ملنے کے بعد ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے اور آئندہ آنے والے دنوں میں مزید ڈالرآنے کے بعد روپے کی قدرمیں مزید بہتری دیکھی جاسکے گی۔

متعلقہ عنوان :