افغان طالبان کا صدارتی انتخابات کے موقع پر حملوں کا اعلان،امریکہ جنگ میں ناکامی کے بعد بلاواسط طریقے سے انتخابات کے ذریعے اپنا قبضہ برقرار رکھنا چاہتا ہے‘ انتخابات کے دوران نہ صرف سکیورٹی فورسز بلکہ پولنگ عملہ اور اہم شخصیات کو نشانہ بنایا جائے گا،افغان عوام یہ جان لیں کہ ان کا کاسٹ کیا ہواایک ووٹ نہ صرف امریکہ بلکہ اسلام کیخلاف کفار کی حمایت تصور ہوگا‘ بیان

منگل 11 مارچ 2014 08:34

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مارچ۔2014ء) افغان طالبان نے آئندہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے موقع پر بڑے پیمانے پر حملے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات امریکہ کی چال ہے جو جنگ میں ناکامی کے بعد بلاواسطہ طریقے سے افغان سرزمین پر قابض ہونا چاہتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات کو کسی صورت ممکن نہیں بنانے دیا جائے گا۔

انتخابات کے موقع پر نہ صرف سکیورٹی فورسز بلکہ پولنگ عملہ اور اہم شخصیات کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے افغان سرزمین پر طویل قیام کیلئے نظریں جما رکھی ہیں۔ دس سالہ جنگ میں بدترین شکست اور ناکامی کے بعد اب انتخابات جیسے حربوں کے ذریعے وہ اپنے مقاصد میں کامیابی حاصل کرنے کا خواہاں ہے لیکن ایسا ہرگز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

طالبان نے مزید کہا کہ امریکہ انتخابات کے ذریعے ایسے ڈمی شخص کو ملک کا سربراہ بنانا چاہتا ہے جو بظاہر افغان شہری لیکن اس کی ذہنیت اور سوچ امریکی ہوگی۔ امریکی ہمدردی سے بننے والے سربراہ مملکت کو افغانیوں سے غرض ہوسکتی ہے نہ ہی مذہب اسلام‘ ہماری اقدار و ثقافت اور روایات سے بلکہ وہ مکمل طور پر امریکی ایجنڈا آگے بڑھائے گا۔ بیان میں افغان عوام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انتخابات سے دور اور لاتعلق رہ کر امریکہ کے اس آخری حربے کو بھی ناکام بنائیں۔

اس سلسلے میں علماء کرام‘ مدارس کے اساتذہ‘ مذہبی سکالرز اور قبائلی عمائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس امریکی منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں جبکہ معاشرے کے ہر فرد کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کا کاسٹ کیا ہوا ایک ووٹ نہ صرف یہ کہ امریکی منصوبے بلکہ اسلام کیخلاف کفار کی حمایت تصور ہوگا لہٰذا تمام افغان شہری اور ووٹرز بھی اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے انتخابات سے دور رہیں اور پولنگ والے روز پولنگ سٹیشن کے قریب تک نہ جائیں جبکہ انتخابی ریلیوں اور جلسے جلوسوں میں بھی شرکت نہ کریں ورنہ ان کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں اور اس کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔