آئی سی سی نے ٹی 20ورلڈ کپ کے وارم اپ اور پول میچز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ، وارم اپ میچز 12مارچ جبکہ پول میچز کا آغاز 16مارچ سے شروع ہوگا ، پاکستان اپنا پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ جبکہ پول میچ 21مارچ کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلے گا ، پاکستان کے علیم ڈار پورے ٹورنامنٹ میں 17میچوں میں فرائض انجام دینگے

منگل 11 مارچ 2014 08:21

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مارچ۔2014ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے 16مارچ سے 6اپریل تک بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ کے آفیشل اور وارم اپ میچز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے ۔پورے ٹورنامنٹ کے دوران میچ ریفری کی ذمہ داریاں ڈیون بون ، رنجن مدوگالے ،روشن ماہنامہ ،اور جیواگل سریناتھ کے درمیان شیئر کی جائینگی جو کہ آئی سی سی میچ ریفریز کے امارات ایلیٹ پینل کا حصہ ہیں ۔

گراؤنڈز ایمپائرز کی ذمہ داریاں امارات ایلیٹ پینل کے تمام 11ایمپائرز میں پاکستان کے علیم ڈار ، کمارا تھرماسینا ، سٹیو ڈیوس ، ماریاس آراسموس ، این گولڈ ،رچرڈ ایلنگ ورتھ ، رچرڈ کیٹل بروک ، نائیجل لانگ ،بروس آکسنفورڈ ، پال رائفل اور راڈ ٹکر کے علاوہ آئی سی سی ایمپائرز کے امارات انٹرنیشنل پینل کے بلی باؤڈن ، رانمور مارٹینس اور ایس روی ہونگے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے علیم ڈار واحد ایمپائر ہیں جو 17میچز میں اپنے فرائض انجام دینگے ۔ آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز کا آغاز 12مارچ سے شروع ہونگے جبکہ پہلے راؤنڈ کے کوالفائنگ میچز کا آغاز 16مارچ سے شروع ہوگا پاکستان اپنا پہلا وارم اپ میچ17مارچ کو نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلے گا جبکہ ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 21مارچ کو بھارت جبکہ 23مارچ کو آسٹریلیا کے ساتھ کھیلے گا ۔

متعلقہ عنوان :