بجلی چوروں کیخلاف بھرپور ایکشن کیا جائے، عابد شیر علی ، میں نے حیسکو کی انتظامیہ کو واضح طورپر کہہ دیا ایک مہینے میں اے پی ایل کنڈیکٹر لگائے جائیں تاکہ بجلی روکی جاسکے، غفلت و لاپرواہی برتنے اور بجلی چوری میں ملوث افسران کیخلاف بھی کارروائی شروع کردی ہے ،اراکین اسمبلی بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کریں،سابقہ حکومت کی ناکامی اور کرپشن کی وجہ سے پورے ملک میں بجلی کا بحران پیدا ہوا، پاور پلانٹ اور پاور یونٹ ہوگئے، جہاں بجلی زیادہ چوری ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ کی جائیگی، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 13 مارچ 2014 08:24

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13مارچ۔ 2014ء) وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف بھرپور ایکشن کیا جائے، میں نے حیسکو کی انتظامیہ کو واضح طورپر کہہ دیا کہ ایک مہینے میں اے پی ایل کنڈیکٹر لگائے جائیں تاکہ بجلی روکی جاسکے، غفلت و لاپرواہی برتنے اور بجلی چوری میں ملوث افسران کیخلاف بھی کارروائی شروع کردی ہے ۔

اراکین اسمبلی بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کریں ۔ سابقہ حکومت کی ناکامی اور کرپشن کی وجہ سے پورے ملک میں بجلی کا بحران پیدا ہوا، پاور پلانٹ اور پاور یونٹ ہوگئے، جہاں بجلی زیادہ چوری ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ کی جائیگی۔ وہ حیدرآباد چیف آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ عابد شیر علی نے کہاکہ ایم پی اے ، ایم این اے بجلی چوری میں ملوث ہیں بلکہ میں تو خود بجلی چوری کے خاتمے کیلئے ان کی مدد طلب کررہا ہوں اور اس کیلئے میں نے تمام اراکین اسمبلی کو خط بھی لکھے ہیں ، ہماری خواہش ہے کہ بجلی سستی ہو اور اس کی ترسیل تسلسل کے ساتھ جاری رہے۔

(جاری ہے)

اب تک 242 میگا واٹ بجلی سسٹم میں آچکی ہے، مئی کے آخر تک 747میگاواٹ بجلی مزید پیدا ہوگی۔ گدو پاور پلانٹ کی پی سی ون 2008ء میں 60ارب کی تھی اب اس کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا لیکن ہم نے یہ پاور پلانٹ اسی قیمت میں مکمل کیا ہے ، جامشورو میں بھی دو پاور پلانٹ لگائے جارہے ہیں، چائنا نے 2پروجیکٹ کے ایم او یو پر دستخط کئے ہیں ، اس سال کے آخر تک 15سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں ڈال دی جائیگی۔

تھر کے مقام پر دو منصوبوں پر کام ہورہا ہے، انہوں نے کہاکہ بجلی چوری کی وجہ سے عام شہری پر بجلی کے بل کا لوڈ پڑرہا ہے ، پیپلزپارٹی کے دور میں بجلی چوری ہوئی وہ بل نہیں دیتے تھے ، انہوں نے کہاکہ قاضی احمد میں ایک گھنٹے لوڈشیڈنگ کرتے ہیں تو قومی خزانے کو اس سے 10لاکھ روپے کا فائدہ ہوتا ہے، نوری آباد سب ڈویژن میں 91فیصد لائن لاسسز ہیں ، میرواہ گورچانی سب ڈویژن جوکہ رُکن اسمبلی پیر شفقت حسین شاہ جیلانی کا حلقہ ہے میں 91فیصد لائن لاسسز ہیں، ٹنڈوالہیار جو پیپلزپارٹی کے رُکن عبدالستار بچانی کا علاقہ ہے اس میں 78فیصد لائن لاسسز ہیں ، ٹنڈوالہیار میں 82فیصد لائن لاسسز ہیں، اگر وہاں ایک گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے تو اس سے قومی خزانے کو 12لاکھ روپے بچتے ہیں، سامارو سب ڈویژن میں 98فیصد لائن لاسسز ہیں ، میں نے حیسکو چیف کو احکامات دیئے ہیں کہ جہاں اس قدر لائن لاسسز ہیں وہاں فیڈر بند کردیئے جائیں، یہ رُکن قومی اسمبلی میر منور علی تالپور کا حلقہ ہے ، میں نے یہاں کے ایس ڈی او کو بھی معطل کردیا ہے، اسی طرح میرپورخاص کے ہیرآباد سب ڈویژن میں 64فیصد لائن لاسسز ہیں ، نوری آباد کے گوٹھ غلام حسین پالاری میں 76فیصد کے لائن لاسسز ہیں ، سیہون جوکہ ملک اسد سکندر کا حلقہ ہے یہاں 93فیصد لائن لاسسز ہیں ، یہاں ہر گھر میں کنڈے لگے ہوئے ہیں اور کھلے عام بجلی چوری ہوتی ہے، لطیف آباد جوکہ متحدہ قومی موومنٹ کے خالد مقبول صدیقی کا حلقہ ہے یہاں بھی بڑے پیمانے پر بجلی چوری کی جاتی ہے، اگر ایک گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے تو 12لاکھ روپے بچ سکتے ہیں۔