علماء نظریاتی کونسل نے وزیراعظم سے غیر جنگی قیدیوں اور بچو ں کی رہا ئی کا مطا لبہ کر دیا، حکومت غیر جنگی قیدیوں کی رہائی پر غور کررہی ہے، کوشش ہے کہ ملک میں خون کی ہولی نہ کھیلی جائے اور بات چیت سے تمام معاملات طے ہوجائیں، نواز شریف،علماء کونسل کے دس رکنی وفد کی مولانا طاہر اشرفی کی سربراہی میں وزیر اعظم سے ملا قات ،طالبان سے مذاکرات ، کراچی آپریشن اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،جب تک ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہوگی اور جو لوگ دوسرے مکاتب فکر کی توہین کرتے ہیں اور انتہا پسندی کی فضا بلند کرتے ہیں ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے، مولانا طاہر اشرفی

جمعہ 14 مارچ 2014 07:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء) علماء نظریاتی کونسل نے وزیراعظم میا ں محمد نواز شریف سے غیر جنگی قیدیوں اور بچو ں کی رہا ئی کا مطا لبہ کر دیا ، جبکہ وزیراعظم میا ں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں خون کی ہولی نہ کھیلی جائے اور بات چیت ومفاہمت سے تمام معاملات طے ہوجائیں، حکومت غیر جنگی قیدیوں کی رہائی پر غور کررہی ہے اور کمیٹی بننے کے بعد یہ کام مزید تیز ہوجائے گا ۔

جمعرات کے روز وزیراعظم نواز شریف سے چیئرمین علماء نظریاتی کونسل مولانا طاہر اشرفی کی سربراہی میں علماء کونسل کے دس رکنی وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں طالبان سے مذاکرات ، کراچی آپریشن اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اب امن کیلئے مل کر پوری قوم چیلنجز کا سامنا کریگی اور امن کیلئے تمام کوششوں کو بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ملک میں خون کی ہولی نہ کھیلی جائے اور بات چیت کے ذریعے مفاہمت سے تمام معاملات طے ہوجائیں جبکہ مولانا طاہر اشرفی نے وزیراعظم نواز شریف کی دہشتگردی کے خاتمے کی کوششوں کو سراہا اور انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طورپر غیر جنگی قیدیوں کو رہا کیا جائے جس سے ملک میں ایک مثبت پیغام جائے گا ۔

وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد مولانا طاہر اشرفی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نواز شریف سے درخواست کی ہے کہ دو اطراف سے غیر جنگی قیدیوں کو حکومت فوری رہا کرے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت غیر جنگی قیدیوں کی رہائی پر غور کررہی ہے اور کمیٹی بننے کے بعد یہ کام مزید تیز ہوجائے گا اور کمیٹی غیر جنگی عورتوں بچوں سمیت تمام افراد کو رہا کرے گی ۔

طاہر اشرفی کا دہشتگردی پر کہنا تھا کہ علماء نظریاتی کونسل نے بھی وزیراعظم کو ملک میں دہشتگردی کے خاتمے پر رائے دی اور وزیراعظم نے کہا کہ ایک ضابطہ اخلاق بنایا گیا ہے جس پر تمام مکاتب فکر متفق ہیں مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ جب تک ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہوگی اور جو لوگ دوسرے مکاتب فکر کی توہین کرتے ہیں اور انتہا پسندی کی فضا بلند کرتے ہیں ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔