تھرپارکر میں ریلیف کا کام شفاف انداز میں جاری ہے،شرجیل میمن،متاثرین کو گندم اور دیگر ضروریات کی اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، تھرپارکر کیلئے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرنا پڑی تو کریں گے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تھر کے عوام کیلئے خصوصی پیکج رکھا جائے گا، صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات\

جمعہ 14 مارچ 2014 07:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تھرپارکر کے تمام متاثرہ ڈسٹرکٹ میں ریلیف کا کام شفاف انداز میں جاری ہے۔ متاثرین کو گندم اور دیگر ضروریات کی اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ تھرپارکر کے لئے اگر ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرنا پڑی تو کریں گے۔ جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تھر کے عوام کے لئے خصوصی پیکج رکھا جائے گا۔

جمعرات کو جاری اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ تھرپارکر میں ریلیف میں رکاوٹوں کی خبروں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ جو خود اس تمام ریلیف کے کاموں کی نگرانی کررہے ہیں اور وہ ہر دوسرے روز تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں میں خود موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم تھرپارکر میں اناج کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔

جبکہ پورے ڈسٹرکٹ میں گندم کی ترسیل کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران ایمانداری سے کام کریں، ورنہ گھر جانے کے لیے تیار ہوجائیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت اس مشکل کی گھڑی میں اپنے تھرپارکر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تھرپارکر کے لئے اگر ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی بھی کرنا پڑی تو ہم کریں گے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تھر کے عوام کے لئے بجٹ میں خصوصی پیکج بھی رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر پارکر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کردیا ہے جبکہ تھر میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کیا جائے گا اور اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :