ہم امن مذاکرات کو کامیاب دیکھناچاہتے ہیں ، سراج الحق ،امن کے استحکام سے ہماری معیشت مستحکم ہوگی، امن کو کامیاب بنانے کے لئے حکمت و دانش کی ضرورت ہے،کچھ عناصر امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ، تقریب سے خطاب

جمعہ 14 مارچ 2014 07:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر و نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم امن مذاکرات کو کامیاب دیکھناچاہتے ہیں امن کے استحکام سے ہماری معیشت مستحکم ہوگی امن کو کامیاب بنانے کے لئے حکمت و دانش کی ضرورت ہے۔کچھ عناصر امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اباسین آرٹس کونسل ادبی ایوارڈز2012-13کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جن مصنفوں کو ایوارڈز دئیے گئے ان میں ریاض صابر،ناصر علی سید،بشیر احمد اوردل محمد سوز وغیرہ شامل ہیں۔سینئر وزیر نے کہا کہ ادیب ہمارے معاشرے میں اہم مقام رکھتے ہیں ان کی حیثیت جسم میں روح کی طرح ہے ادیب ہمیشہ زندہ رہتے ہیں وہ کبھی نہیں مرتے،ادیب قوم کو نصب العین فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ مسلح دہشت گردوں نے ملک کو یرغمال بنا لیا ہے دہشت گرد طاقت کے زور پر اپنی بات منوانا چاہتے ہیں ہمارے ملک میں وسائل وافر مقدار میں موجود ہیں لیکن ان کے بہتر انتظام کی ضرورت ہے ۔

سینئر وزیر نے کہا کہ ہم خیبر پختونخواکو کرپشن ،کمیشن،جہالت،بدامنی اور دہشت گردی سے پاک صوبہ بنائیں گے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ صوبائی حکومت کا ایک وفد وزیر صحت شوکت علی یوسفزلی اور سینئر وزیر خزانہ سراج الحق کے ہمراہ تھرپاکر کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تھرپارکر کے متاثرین کے لئے 10کروڑ روپے امداد کا اعلان بھی کیا ہے۔اس موقع پر سینئر وزیر نے اباسین آرٹس کونسل کے لئے 5لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :