شمالی وزیرستان میں ڈرون طیاروں کی پروازیں، مذاکراتی کمیٹی نے مقام تبدیل کرلیا، مذاکراتی کمیٹی کے اراکین مقام تبدیل کرکے ایک گھنٹہ سفر کرنے کے بعد دوسری جگہ منتقل ہوئے ،طالبان شوریٰ حکومتی کمیٹی سے بنوں میں براہ راست مذاکرات کیلئے تیارہو گئی

ہفتہ 15 مارچ 2014 07:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مارچ۔2014ء )کالعدم تحریک طالبان کی سیاسی شوریٰ اور طالبان کی حکومت سے رابطہ کار مذاکراتی کمیٹی کے درمیان بات جیت کا دوسرا دور شروع ہوگیا۔ میڈیا رپو رٹ کے مطابق طالبان کی سیاسی شوریٰ کے ساتھ بات چیت کے لئے شمالی وزیرستان جانے والی طالبان کی رابطہ کار مذاکراتی کمیٹی اور سیاسی شوریٰ کے درمیان وقفے کے بعد بات چیت کا دوسرا دور شروع ہوا۔

شمالی وزیرستان میں بات چیت کے موقع پر امریکی ڈرون طیاروں کی پروازوں کی وجہ سے سیاسی شوریٰ اور طالبان کمیٹی کے اراکین مقام تبدیل کرکے ایک گھنٹہ سفر کرنے کے بعد دوسری جگہ منتقل ہوگئے۔طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین پروفیسر ابراہیم، مولانا یوسف شاہ اور جمعیت علما اسلام (س) شمالی وزیرستان کے امیر مولانا عبدالحئی سیاسی شوریٰ سے بات چیت کے بعد میرانشاہ پہنچے گی جہاں پولیٹیکل ایجنٹ سے ملاقات کے بعد واپس پشاور یا اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون طیاروں کی پروازوں کے باعث مذاکرات کے لئے 3 بار جگہ کو تبدیل کیا گیا۔۔ طالبان کے دیگر چھوٹے گروپ بھی مذاکراتی عمل میں شریک ہیں۔ ڈرون طیاروں کی پرواز سے علاقے میں شدید خوف وہراس ہے۔ ادھر ایک نجی ٹی وی نے دعو ی کیا ہے کہ حکومتی کمیٹی اور طالبان شوریٰ میں براہ راست مذاکرات، بنوں کے علاقے آزاد منڈی میں کرانے پر اتفاق ہو گیا۔

طالبان کی مذاکراتی کمیٹی اور شوری ٰ کی ملاقات شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں ہوئی جس میں شیخ خالد حقانی ، قاری شکیل ، اعظم طارق ، شاہد اللہ شاہد ، ساجد مہمند اور احسان اللہ احسان نے شرکت کی۔ طالبان مذاکراتی کمیٹی میں مولانا یوسف شاہ ، پروفیسر ابراہیم ، اور مولانا عبدالحٰی شامل تھے۔ اجلاس میں حکومتی کمیٹی اور طالبان شوریٰ میں براہ راست مذاکرات بنوں کے علاقے آزاد منڈی میں کرانے پر اتفاق ہو گیا تاہم طالبان شوریٰ نے مذاکراتی کمیٹی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

مولانا سمیع الحق کی طرف سے جنگ بندی میں مزید توسیع کی شفارش بھی شوریٰ کے سامنے پیش کی گئی تاہم طالبان رہنماوٴں نے کہا کہ حتمی فیصلہ طالبان شوری ٰ کے اجلاس کے بعد ہی کیا جائے گا۔ وا ضع رہے کہ طالبان مذاکراتی کمیٹی کے ارکان پشاور سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے شمالی وزیرستان کے لئے روانہ ہوئے تھے ۔