وزیراعظم سے سینیٹر بابر غوری کی ملاقات ،کراچی آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان اور ماورائے عدالت شہید کئے گئے کارکنوں کے حوالے سے بعض تحفظات سے آگاہ کیا ، ایم کیو ایم کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا،و زیر اعظم کی یقین دھانی

ہفتہ 15 مارچ 2014 07:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مارچ۔2014ء ) وزیراعظم محمد نواز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما سینیٹر بابر خان غوری نے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان اور سینیٹر اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سینیٹر بابر خان غوری نے کراچی آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان اور ماورائے عدالت شہید کئے گئے کارکنوں کے حوالے سے بعض تحفظات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملاقات میں وزیراعظم کو کراچی میں ترقیاتی منصوبوں، عوام کو درپیش مسائل اور دیگر امور سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لئے ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتوں سے مشاورت کرتی ہے تاکہ اتفاق رائے سے مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ وفاق اور ایم کیو ایم کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھایا جائے گا۔