کراچی کی آبادی لاہور سے کہیں زیادہ ہے،میٹرو بس جیسے منصوبے کی اشدضرورت ہے: ممتاز جکھرانی، سندھ میں میٹروبس منصوبہ بناتے وقت پنجاب کے تجربات سے استفادہ کریں گے،میٹروبس منصوبہ دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ ایسابین الاقوامی معیار کا منصوبہ پاکستان میں بھی بنایا جا سکتا ہے،مسلم لیگ (ن) کی انتخابات میں دوبارہ کامیابی کی وجہ میٹروبس سروس اور اس جیسے دیگر منصوبے ہو سکتے ہیں،وزیراعلی شہباز شریف نے ریکارڈ مدت میں صوبے کے عوام کو میٹروبس کا تحفہ دے کر ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے،میٹروبس منصوبے کے جائزہ کے لئے لاہور کے دو روزہ دورہ پر آئے ہوئے سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ کی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 15 مارچ 2014 07:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مارچ۔2014ء )میٹروبس منصوبے کے جائزہ کے لئے لاہورکے دو روزہ دورہ پر آئے ہوئے سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ و امور نوجواناں میر ممتاز حسین جکھرانی نے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی لاہور سے زیادہ ہے اور وہاں میٹروبس اتھارٹی جیسے منصوبے کی اشد ضرورت ہے۔کراچی میں میٹروبس اتھارٹی جیسا ماڈل بنانے کے لئے پنجاب حکومت کے تجربات سے استفادہ کرکے کراچی کے عوام کو محفوظ،آرام دہ اور با عزت سفری سہولیات فراہم کریں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار میٹروبس اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں بریفنگ کے بعد بس میں سفر کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ سندھ،پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ پنجاب محمد نواز چوہان،سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب شوکت علی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیرٹرانسپورٹ سندھ میر ممتاز حسین جکھرانی نے کہا کہ میٹروبس منصوبہ دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ بین الاقوامی معیار کا ایسا شاندار منصوبہ پاکستان میں بھی چل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف میٹروبس کے کامیاب منصوبے پر بلاشبہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابات میں کامیابی کی بڑی وجہ میٹروبس اتھارٹی اور اس جیسے دیگر منصوبے ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے صوبہ کے عوام کو ریکارڈ مدت میں بین الاقوامی معیار کی میٹروبس کا تحفہ دے کر ناممکن کو ممکن کردکھایا ہے۔

میر ممتاز حسین جکھرانی نے کہا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر میٹروبس منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور کے حالات مختلف ہیں اور ہر وقت گھیراؤ جلاؤ والی صورتحال کا سامنا رہتا ہے مگر ہم پوری کوشش کریں گے میٹروبس اتھارٹی کی طرز پر جلد منصوبے کا آغاز کر دیا جائے۔میٹروبس اتھارٹی کے دفتر میں بریفنگ کے دوران وزیرٹرانسپورٹ سندھ اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ سندھ نے منیجنگ ڈائریکٹر میٹرو بس سبطین فضل حلیم سے سوالات کئے اور کراچی میں میٹروبس منصوبے کے قابل عمل ہونے کے معاملات پر تفصیلی بات چیت کی۔