حکومت عوام کوریلیف پہنچانے اور بجلی ،گیس بحران سمیت تمام مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، شاہد خاقان عباسی

اتوار 16 مارچ 2014 07:29

کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مارچ۔2014ء)وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک بجلی گیس دہشت گردی سمیت دیگر گھمبیر مسائل اور مشکلات سے گزر رہا ہے مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کوریلیف پہنچانے اور بجلی گیس کے بحران سمیت تمام مسائل صبروتحمل اور حکمت عملی سے حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پنجاب فیسٹیول سپورٹس پروگرام شروع کر کے اہم کارنامہ کیا ،فیسٹیول پروگرام پر اربوں روپے خرچ ہوئے۔

ان خیالات کااظہار شاہد خاقان عباسی نے کہوٹہ کلب میں پنجاب فیسٹیول سپورٹس پروگرام میں پہلی دوسری پوزیشن پر آنے والے کھلاڑیوں میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ کہوٹہ پنڈی روڈ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری کام کرنے پر سخت نوٹس لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ملک کے سنگین حالات کی وجہ سے فرصت نہیں ملی حلقہ میں شوکت اقبال جنجوعہ حافظ عثمان عباسی راجہ ظہور اکبر موجود ہیں جو لوگوں کے مسائل احسن طریقے سے حل کرنے میں کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت مسلم لیگ ن کی حکومت عوام اور پاکستان کی سلامتی اور بقاء کیلئے بہتر فیصلے کرے گی عرصہ نو ماہ میں ہماری حکومت میں کوئی کرپشن کا ایشو نہیں بنا انشاء الله ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے تمام بھرتیاں میرٹ پر ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ہسپتال سکولوں سمیت تمام بنیادی سہولیات جلد فراہم کریں گے۔وفاقی وزیر نے نوجوانوں کیلئے اسٹیڈیم کیلئے دس کروڑ کی گرانٹ کا اعلان کیا اور بوائے ڈگری کالج کے مسائل کا حل اور گرلز ڈگری کالج میں عنقریب بی ایس سی کی کلاسز شروع ہو جائیں گی۔

اس موقع پر حافظ عثمان عباسی شوکت اقبال جنجوعہ اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ راجہ ظہور اکبر صدر مسلم لیگ ن راجہ بشیر صدر پریس کلب کہوٹہ راجہ گلشن ضمیر نے بھی خطاب کیا تقریب میں ٹی ایم اوکہوٹہ امیراحمد شاہ ہمدانی راجہ صغیر احمد آف مٹور عبدالقدوس عباسی SHO کہوٹہ کے علاوہ علاقہ بھر سے کثیر تعداد میں معززین علاقہ اور لیگی ورکروں کارکنوں نے شرکت کی