ویزا فراڈ کاا لزام ،امریکہ میں بھارتی سفارتکار کھوبراگاڑے پر دوبارہ فرد جرم عائد،فرد جرم نیو یارک کی ایک عدالت میں غیر حاضری میں عائد کی گئی

اتوار 16 مارچ 2014 07:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مارچ۔2014ء)بھارتی سفارت کار کھوبراگاڑے پر امریکا میں ایک گرینڈ جیوری نے ویزا فراڈ کے الزام میں نئے سرے سے فرد جرم عائد کر دی ہے۔ اس وقت کھوبراگاڑے بھارت میں ہیں۔ ان پر یہ فرد جرم نیو یارک کی ایک عدالت میں غیر حاضری میں عائد کی گئی۔اس سے دو روز قبل نیو یارک ہی کی ایک عدالت نے اس بھارتی سفارت کار کے خلاف ایسے ہی الزامات انہیں ان کی گرفتاری کے بعد حاصل ہونے والی مکمل سفارتی مامونیت کی وجہ سے خارج کر دیے تھے۔

کھوبراگاڑے کی نیو یارک میں گزشتہ دسمبر میں گرفتاری اور پھر برہنہ تلاشی لیے جانے پر بھارت میں شدید غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔ اسی وجہ سے بھارت اور امریکا کے درمیان ایسی سفارتی کشیدگی شروع ہو گئی تھی جو سالہا سال سے دیکھنے میں نہیں آئی تھی اور جو ابھی تک پوری طرح ختم نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

دیویانی کھوبراگاڑے نیو یارک میں بھارتی قونصل خانے میں تعینات تھیں، جن کا نئی دہلی حکومت نے ان کی گرفتاری کے بعد تبادلہ اقوام متحدہ میں بھارت کے سفارتی مشن میں کر دیا تھا۔

اس پر امریکا نے کھوبراگاڑے کو مکمل سفارتی مامونیت دے دی تھی اور نو جنوری کو یہ خاتون سفارت کار اسی روز امریکا سے واپس بھارت روانہ ہو گئی تھیں، جس دن ان پر نیو یارک کی ایک عدالت میں پہلی مرتبہ فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ یہ بھارتی خاتون سفارت کار اس وقت نئی دہلی کی وزارت خارجہ میں فرائض انجام دے رہی ہیں اور ان کے خلاف ان کی غیر حاضری میں دوسری مرتبہ فرد جرم عائد کیے جانے کے حوالے سے ان کے وکیل ڈینئل ایرشَیک نے اپنے ایک ای میل بیان میں نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا، ”مجھے افسوس ہے کہ اس مرحلے پر میرے پاس تبصرہ کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔ اس بارے میں اپنے ردعمل کا اظہار بھارتی حکومت خود مناسب وقت پر کرے گی۔

متعلقہ عنوان :