عمران خان کی وزیراعلی کے پی کے اور پارٹی و اتحادی جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات، کابینہ میں ممکنہ ردو بدل پر تبادلہ خیال ، تحریک انصاف مثالی طرز حکومت پر مکمل یقین رکھتی ہے، اپنے عوامی نمائندوں کی جانب سے معمولی سی بدعنوانی بھی اس کیلئے ناقابل قبول ہے،تحریک انصاف کا اسٹیٹس کو کی جماعت بننے کی بجائے حزب اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنا ہمارے لیے قابل قبول ہو گا،عمران خان کا خطاب ، آج اہم ترین اجلاس میں صوبائی حکومت کی کارکردگی جانچنے کا اعلان

اتوار 16 مارچ 2014 07:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مارچ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی ، تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات کی اور عوام کو سہولیات کی بہتری فراہمی کیلئے کابینہ میں ممکنہ ردو بدل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف مثالی طرز حکومت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اقربا پروری، بیوروکریسی اور پولیس میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت اور اپنے عوامی نمائندوں کی جانب سے معمولی سی بدعنوانی بھی اس کیلئے ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سترہ برس تک تبدیلی کیلئے بے مثال جدوجہد کی ہے چنانچہ وہ کسی صور ت بھی تحریک انصاف کو روایتی جماعت بننا گوارا نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین تحریک انصاف نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کا اسٹیٹس کو کی جماعت بننے کی بجائے حزب اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنا ہمارے لیے قابل قبول ہو گا۔ مرکزی میڈیال سیل سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے آج اتوار کو اہم ترین اجلاس میں صوبائی حکومت کی کارکردگی جانچنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے ساتھ مل کر صوبائی وزراء کو آئندہ تین ماہ کی کارکردگی کا ذاتی طور پر جائزہ لیں گے۔

عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے کابینہ میں ردوبدل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے چیئرمن تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے اور عام کی مثالی خدمت کیلئے صوبائی وزراء کے قلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مختلف اراکین کی جانب سے پولیس اور بیوروکریسی میں تقرر و تبادلے کی کوششوں کے حوالے سے معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے زور دے کر کہا کہ مذکورہ رویہ یکسر ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی اور نئے پاکستان کی تعمیر کے ایجنڈے کی تکمیل کی خاطر منتخب کیا ہے جس سے انحراف ممکن نہیں۔ مختلف شعبوں میں اصلاحاتی ایجنڈا آگے بڑھانے، صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب تک بد عنوان سیاسی اور انتظامی ہتھکنڈوں کے خلاف دانستہ اقدامات نہیں اٹھائے جاتے تبدیلی کا پروگرام ادھورا رہے گا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ عوامی نمائندوں کو آگے بڑھ کر عوام کیلئے نہ صرف ایک مثال بننا چاہیے بلکہ ہر قسم کے شکوک و شبہات سے ایسے اوپر اٹھنا چاہیے کہ عوام الناس بھی انہیں مکمل طور پر تسلیم کریں اور ان پر اعتماد رکھیں۔ خیبرپختونخواہ کو نئے پاکستان کی تعمیر میں پہلی منزل قرار دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وہ شفافیت،قابلیت ، موثر طرز حکمرانی سب کیلئے انصاف اور مساوات کے اپنے عہد پر سمجھوتہ نہیں کریں گے اور خیبرپختونخواہ کو دیگر صوبوں کیلئے ہر لحاظ سے ایک نمونہ بنائیں گے۔