پانچواں ورلڈ کپ ٹی 20کا باقاعدہ آغاز آج بنگلہ دیش میں ہورہا ہے ،ٹورنامنٹ2 مراحل میں کھیلا جائے گا،پہلے مرحلے میں 8 ٹیموں کے درمیان کوالیفائنگ میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے2 ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں وہ 8 بڑی ٹیموں کے خلاف مدمقابل ہوں گی،کوالیفائنگ میچز کھیلنے والی ٹیموں کو2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے،ورلڈ ٹی20 کا سپر 10 مرحلہ 21 مارچ سے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے ہوگا، ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 3، دوسرا سیمی فائنل 4 اپریل کو کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کے فاتح کا فیصلہ6 اپریل کو کھیلے جانے والے فائنل میں ہوگا

اتوار 16 مارچ 2014 07:10

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مارچ۔2014ء)کرکٹ کے کھیل کے مختصر ترین انٹرنیشنل فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں عالمی مقابلوں کا آغاز آج ( اتوار ) سے بنگلہ دیش میں ہو رہا ہے۔اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جائے گا۔پہلے مرحلے میں آٹھ ٹیموں کے درمیان کوالیفائنگ میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں وہ پہلے سے موجود آٹھ بڑی ٹیموں کے خلاف مدمقابل ہوں گی۔

کوالیفائنگ میچز کھیلنے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال اور ہانگ کانگ جبکہ گروپ بی آئرلینڈ، زمبابوے، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات پر مشتمل ہے۔کوالیفائنگ مرحلے کے میچ میرپور، چٹاگانگ اور سلہٹ میں کھیلے جائیں گے اور اس مرحلے کے پہلے میچ میں 16 مارچ کو میزبان بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں میرپور میں مدِمقابل ہوں گی۔

(جاری ہے)

افغانستان کی ٹیم تیسری مرتبہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لے رہی ہے۔ اس نے حال ہی میں ایشیا کپ کے دوران بنگلہ دیش کو شکست دی ہے جس کے بعد اس ٹی ٹوئنٹی میچ میں شائقین کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔گروپ اے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیم فائنل راوٴنڈ میں گروپ ٹو میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کرے گی۔گروپ بی کی فاتح ٹیم کا سامنا گروپ ون میں سری لنکا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سپر 10 مرحلہ 21 مارچ سے شروع ہوگا اور اس مرحلے کا آغاز روایتی حریف ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان میرپور میں کھیلے گئے میچ سے ہوگا۔سپر 10 مرحلے میں گروپ ون کی ٹیمیں اپنے تمام میچ چٹاگانگ میں کھیلیں گی جبکہ گروپ ٹو کے تمام میچ میرپور میں رکھے گئے ہیں۔میرپور کا ہی شیرِ بنگلہ سٹیڈیم ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی میزبانی کرے گا۔

پہلا سیمی فائنل تین اور دوسرا سیمی فائنل چار اپریل کو کھیلا جائے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے فاتح کا فیصلہ چھ اپریل کو کھیلے جانے والے فائنل میں ہوگا۔آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز 2007 میں ہوا تھا اور جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پانچ رنز سے شکست دی تھی۔2009 میں انگلینڈ میں کھیلا گیا ورلڈ ٹوئنٹی پاکستان نے جیتا۔ فائنل میں اس نے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔2010 میں ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے تیسرے ورلڈ ٹوئنٹی کے فائنل میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔2012 کے ورلڈ ٹوئنٹی کی میزبانی سری لنکا نے کی تھی اور فائنل میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو ہی 36 رنز سے شکست دی تھی۔

متعلقہ عنوان :