ٹی 20ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے ، شاہد خان آفریدی ،اگر تمام کھلاڑیوں نے مل کر اچھا کھیلا تو جیت جائینگے ،2015 ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کو سخت محنت کرنا ہوگی ،امید ہے وویمنز ٹیم بھی اچھا پرفارمنس کرے گی ، کوشش ہے بھارت سے میچ سے قبل وارم اپ میچ کھیلوں ، 100 نہیں 80فیصد فٹ ہوں ،ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں ،حالیہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کو شکست دینے پر ہمیں ان پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی ، تقریب سے خطاب

اتوار 16 مارچ 2014 07:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مارچ۔2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے ، اگر لڑکوں نے مل کر ایک ساتھ اچھا کھیلا تو ورلڈ کپ جیت جائینگے ، ورلڈ کپ 2015ء کیلئے ٹیم کو سخت محنت کرنا ہوگی ، کوشش ہے بھارت کے ساتھ میچ سے قبل وارم اپ میچ کھیلوں، امید ہے خواتین بھی ٹی 20ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس دینگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے بہترین پرفارمنس پر ایک کنال کا پلاٹ گفٹ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ ٹی 20ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے 17 مارچ کو ڈھاکہ روانہ ہونگے اور تاحال بہترین محسوس کررہے ہیں لیکن ابھی وہ 100فیصد نہیں بلکہ 80سے 85فیصد فٹ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں باؤلرز نے اچھی کارکردگی دکھائی ہمارے پاس بہترین باؤلنگ اٹیک ہے جس نے بہت سے میچ ہمیں جیت کر دیئے لیکن کرکٹ میں ہر دن نیا ہوتا ہے لہذا ماضی کو بھول کر حال پر نظر رکھنا ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر اپنی غلطیوں کو دوہراتے رہے تو پھر کارکردگی دکھانا مشکل ہوجائے گی ۔ شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم فیورٹ ہے لیکن فیلڈنگ میں محنت کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سارے لڑکے مل کر محنت سے کھیلیں تو ٹی 20 ورلڈ کپ جیت جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جیت کیلئے بہترین حکمت عملی بنانا ہوگی اور اوورز کے مطابق کھیلنا ہوگا ۔

بھارت کے ساتھ پہلے میچ کے حوالے سے شاہد آفریدی کاکہنا تھا کہ بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے لیکن اس وقت اس کی کارکردگی بہت بری ہے اور بھارتی ٹیم نے بیرون ملک دوروں میں بھی اچھا پرفارم نہیں کیا حالیہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کو شکست دینے کی وجہ سے ہمیں نفسیاتی برتری حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ 2015ء کی جیت کیلئے غیر ضروری محنت کرنا ہوگی اور اس سلسلے میں بہترین کوچ ، باؤلنگ کوچ اور آفیشلز جن میں ظہیر عباس بھی شامل ہیں ٹیم کی بھرپور معاونت کررہے ہیں ۔ خواتین ٹی 20کپ کے حوالے سے بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ میں وویمنز ٹیم کیلئے دعا گو ہو کہ وہ ٹی 20ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس دینگی ۔

متعلقہ عنوان :