حکومت پاکستان ، طالبان مذاکرات‘ مخالف امریکی سینیٹرز، حکومتی ارکان نے ایکا کرلیا،مذاکرات سے پریشان بھارت سمیت کئی ممالک پہلی سے ہی پراپیگنڈہ میں مصروف

پیر 17 مارچ 2014 07:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مارچ۔2014ء) پاکستان کے طالبان سے مذاکرات‘ مخالف امریکی سینیٹرز اور حکومتی ارکان نے ایکا کرلیا‘ پاکستان کی امداد بند کرنے کا مسلسل راگ الاپنے لگے‘ پاکستان نے بھی اپنے ہمدردوں سے رابطہ کرکے صورتحال بارے اقدامات کرنے کی استدعاء کی ہے۔ حکومتی ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ پاکستان‘ طالبان مذاکرات سے پریشان بھارت‘ افغانستان‘ امریکہ‘ برطانیہ اور دیگر کئی ممالک پہلے ہی پراپیگنڈہ میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

اب امریکی سینیٹرز اور حکومتی ارکان نے بھی واویلا مچانا شروع کردیا ہے اور پاکستان کی امداد بند کرنے کے مطالبات کررہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ پاکستان امریکہ کا اتحادی نہیں ہے اور صرف ڈالر لینے کیلئے امریکہ کا ساتھ دیتا ہے اس پر پاکستان نے اپنے ہمدردوں سے مدد مانگ لی ہے اور ان پر واضح کیا ہے کہ خانہ جنگی سے پاکستان کی معاشی صورتحال پہلے ہی بہت ابتر ہے اب ملک مزید خانہ جنگی کا متحمل نہیں ہوسکتا لہٰذا پاکستان کی امداد بند کرنے سے جہاں ہمارے مسائل بڑھیں گے وہاں دیگر ممالک کو بھی پریشانی کا سامنا رہے گا اور دہشت گردی کا خطرہ بدستور قائم رہے گا۔