دہشت گرد تنظیموں کی نشاندہی کیلئے خفیہ ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں،احرار الہند جیسی نام نہاد تنظیموں کا پتہ لگانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے ہیں‘کچھ نام نہاد دہشت گرد تنظیمیں بیرونی اشارے پر مذاکرات کا عمل سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں‘ وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 18 مارچ 2014 06:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء) وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نام نہاد دہشت گرد تنظیموں کی نشاندہی کیلئے خفیہ ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔مدرسوں میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی طلباء کو گرفتار کیا گیا ہے۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کچھ نام نہاد دہشت گرد تنظیمیں بیرونی اشارے پر مذاکرات کا عمل سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

احرار الہند جیسی نام نہاد تنظیموں کا پتہ لگانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔وزیرقانون کا کہنا تھا کہ ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد مختلف مدارس میں قیام کرنے والے غیر ملکی طالب علموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مظفر گڑھ کا واقعہ پولیس کے تفتیشی افسر کی کوتاہی کا نتیجہ ہے،آمنہ زیادتی کیس میں ملوث ملزمان جتنے بھی بااثر ہوں،انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایڈہاک نرسوں کا معاملہ خوش اسلوبی سے سلجھایا گیا ہے،تین سال بعد ان کو مستقل کردیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر قانون کا کہنا تھا کہ شیخ رشید حکومت کے خلاف بیان بازی کی بجائے قومی اسمبلی سے مستعفی ہوں۔