تعلیمی اداروں اور دینی مدارس کے لئے 5 کروڑ 61 لاکھ روپے جاری، 20 ہزار سے زائد طلبا وطالبات مستفید ہوں گے

منگل 18 مارچ 2014 06:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء)صوبائی زکوة کونسل نے سال 2013-14ء کیلئے پنجاب کے 12 اضلاع کے 409 تعلیمی اداروں اور 9 اضلاع کے 72 دینی مدارس میں زیر تعلیم مستحق طلباء طالبات کے لئے 5 کروڑ61 لاکھ3 ہزار 852 روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے ،یہ منظوری یہاں چیئرمین صوبائی زکوة کونسل جسٹس (ر) اختر حسن کی زیر صدارت کونسل کے 150 ویں اجلاس میں کیا گیا -جس میں سیکرٹری زکوة و عشرکیپٹن (ر) جہانزیب خان، ایڈمنسٹریٹرزکوةپنجاب محمد یوسف بٹ، ڈپٹی ایڈمنسٹری زکوة(فیلڈ) پنجاب محمد سجاد بابر اور کونسل کے ممبران حافظ فضل رحیم اشرفی، حافظ زبیر احمد ظہیر، سعید احمد انصاری ، محترمہ تنویرکوثر، ڈپٹی سیکرٹری محمد اقبال ، جناب شبیر احمد بھٹی نمائندہ سیکرٹری خزانہ حکومت پنجاب، ڈپٹی سیکرٹری ، نمائندہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ حکومت پنجاب اورسیکشن آفیسر (جنرل )امجد فخر، نمائندہ سیکرٹری سوشل ویلفیئر حکومت پنجاب نے شرکت کی - کونسل کے اجلا س میں منظور کئے گئے فنڈز کے تحت 409 تعلیمی اداروں کے 16259 طلبا وطالبات کیلئے 3 کروڑ 55 لاکھ91 ہزار 52 روپے جبکہ9 اضلاع کے 72 دینی مدارس کے 4543 مستحق طلباء و طالبات کیلئے 2 کروڑ 5 لاکھ 12 ہزار 800 روپے کی رقم جاری کی گئی ہے مزید برآں صوبائی زکوة کونسل نے ضلع ساہیوال ، شیخوپورہ، گجرات، پاکپتن، بہاولپور، لاہور اور ملتان میں بقیہ مدت کے لئے چیئرمین ضلع زکواة کمیٹی نامزد کرنے اور ضلعی زکوة کمیٹی راجن پور کی مدت کار میں 6 ماہ کی توسیع دینے کی بھی منظوری دے دی ۔