قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ کا لاہور میں رنگا رنگ تقریب کے دوران آغاز ہو گیا،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے ویلوڈروم میں ایونٹ کا افتتاح کیا ، دوسرے کھیلوں کی طرح پاکستان میں سائیکلنگ کے کھیل میں بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے،سید اظہر علی شاہ

منگل 18 مارچ 2014 06:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مارچ۔2014ء)قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ کا لاہور میں رنگا رنگ تقریب کے دوران آغاز ہو گیا۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے ویلوڈروم میں ایونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید اظہرشاہ، سیکرٹری پنجاب ایسوسی ایشن معظم خان سمیت فیڈریشن کے عہدیداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی سائیکلنگ چیمپئن شروع ہو گئی ہے۔ ایونٹ میں چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے علاوہ فاٹا، ایچ ای سی ، اسلام آباد، سوئی سدرن گیس، واپڈا، آرمی کے100 سے زیادہ کھلاڑی شریک ہیں۔افتتاحی روز ایک کلومیٹر انفرادی ٹائم ٹرائل میں واپڈا کے صابر فاتح رہے، انہوں نے مقررہ فاصلہ 1:13:35 میں طے کیا۔

(جاری ہے)

سوئی سدرن گیس کے نور عالم ہدف 1:13:37 میں طے کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے احسن عباس نے تیسری اور آرمی کے محمد سجاد نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔چیمپئن شپ میں آج روڈ مقابلے منعقد ہوں گے جس میں 40 کلومیٹر انفرادی روڈ ٹائم ٹرائل ، انفرادی ٹائم ٹرائل انڈر23 اور جونیئر کی روڈ ریسز شامل ہیں۔ یہ تمام مقابلے ڈی ایچ اے فیز8 میں ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ چیمپئن شپ کروانے کا مقصد جہاں کھلاڑیوں میں مقابلے کی فضا پیدا کرنا ہے وہاں باصلاحیت پلیئرزکو تلاش کر کے انہیں عالمی مقابلوں کے لئے بھی تیار کرنا ہے۔میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ دوسرے کھیلوں کی طرح پاکستان میں سائیکلنگ کے کھیل میں بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کر کے ان کی مناسب کی گرومنگ کی جائے تو یہ کھلاڑی عالمی سطح پر ہونے والے ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک وقوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔سیکرٹری فیڈریشن نے کہا کہ ایونٹ کے افتتاحی روز کھلاڑیو ں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کو دیکھ کر وہ وثوق سے کہتے ہیں کہ پاکستان میں سائیکلنگ کا مستقبل تابناک ہے، چیمپئن شپ میں شریک سائیکلسٹس مستقبل میں اپنی کارکردگی سے عالمی افق پر فتح و کامرانی کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔