حکومت کہے کسی ملک میں اپنے دستے بھیجو تو فوج ایسا حکم نہ مانے،الطاف حسین، جس ملک میں جاگیردارانہ،وڈیرانہ،ظالمانہ نظام ہوگاوہاں جمہوریت آہی نہیں سکتی، لڑکیوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا جارہا ہے، متحدہ قومی موومنٹ کا قائد کا یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں کارکنوں سے ٹیلیفونک خطاب

بدھ 19 مارچ 2014 06:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مارچ۔2014ء) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں کرپٹ سسٹم کو تبدیل کرنے کوئی آیاہے توفوج سے ہی آیاہے،پاک فوج حکمرانوں کے کسی ایسے حکم کونہ مانے جوملک کی بدنامی کاسبب بنے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ بغاوت ہے تو مجھ پربغاوت کا مقدمہ بنادیں، جہاں ایک غداری کا مقدمہ ہے وہاں دو بنادو۔متحدہ قومی موومنٹ کے30ویں یوم تاسیس کے موقع پرملک کے35سے زائد شہروں میں بیک وقت ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ افواج پاکستان سے کہتاہوں کہ حکمران اگریہ کہیں کہ کسی ملک میں اپنی فوج بھیج دیں تویہ نہ مانیں،کرپٹ سسٹم کوتبدیل کرنے کوئی آیاہے توفوج سے ہی آیاہے۔

پاک فوج حکمرانوں کے ایسے حکم نہ مانیں جوملک کی بدنامی کاسبب بنے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہا کہ جس ملک میں جاگیردارانہ،وڈیرانہ،ظالمانہ نظام ہوگاوہاں جمہوریت آہی نہیں سکتی، لڑکیوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا جارہا ہے۔ایم کیوایم کے قائد کا کہنا تھاکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلیے آج تک جگہ کاتعین نہیں ہوسکا،ملکی بقاوسلامتی کویقینی بنانے کیلیے دہشت گردی کامکمل خاتمہ کرناوقت کی ضرورت ہے۔الطاف حسین نے کہا کہ سچی تحریکوں کو معاشرے کے پسے ہوئے طبقے ہی جنم دیا کرتے ہیں، شہیدوں کا خون تحریکوں کی آبیاری کرتا ہے۔ انقلاب لاناراتوں رات کی بات نہیں بلکہ آگ اورخون کے دریا عبور کرنے پڑتے ہیں۔