افغانستان ،تین پہیوں والی موٹرسائیکل پر سوار خود کش حملہ آور کے حملے میں 15افراد ہلاک،27 زخمی

بدھ 19 مارچ 2014 05:54

مزار شریف(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مارچ۔2014ء)شمالی افغانستان میں تین پہیوں والی موٹرسائیکل پر سوار ایک خودکش حملہ آور نے منگل کے روز ایک پرہجوم مارکیٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا،جس کے نتیجے میں کم از کم 15افراد ہلاک ہوگئے،یہ بات حکام نے کہی۔ملک میں صدارتی انتخابات سے قبل سیکورٹی صورتحال تشویشناک ہے۔فریاب صوبہ کے گورنر محمد اللہ بتاش نے اے ایف پی کو بتایا کہ منگل بازار کے دوران میمانہ شہر کے وسط میں ہونے والا حملہ خودکش بم دھماکہ تھا۔

دھماکہ مرکزی چوک میں ہوا،جہاں لوگوں کا بڑا ہجوم جمع تھا۔بمبار نے تین پہیوں والا موٹرسائیکل کو استعمال کیا جو دھماکہ خیز مواد سے بھرا ہوا تھا،ہلاک ہونے والوں میں تمام عام شہری یا سڑک کنارے ریڑی فروش تھے،کم از کم27افرادزخمی بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

فوری طور پر دورافتادہ صوبہ فریاب کے دارالحکومت میں ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے،صوبہ کی سرحدیں ترکمانستان سے ملتی ہیں اور یہاں ازبک ،ترکمن اور پشتون نسلی گروپ آباد ہیں۔

ایک ہفتہ قبل طالبان شدت پسند رہنماؤں نے پانچ اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخابات کو نشانہ بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا اور اپنے جنگجوؤں پر زور دیا تھا کہ پولنگ عملے،ووٹرز اور سیکورٹی فورسز پر حامد کرزئی کے جانشین کے انتخاب کیلئے ووٹنگ سے قبل حملے کئے جائیں۔گزشتہ افغان انتخابات بری طرح سے تشدد کی زد میں رہ چکے ہیں،جس میں 2009ء میں صرف انتخابات کے روز کم از کم31عام شہری،26فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔اسلامی شدت پسندوں نے امریکی حمایت یافتہ انتخابات کی مخالفت کا اعلان کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :