پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بدترین ہوتی جا رہی ہے،میاں محمود الرشید ، میاں شہباز شریف ایم پی اے شپ چھوڑ کر وزیر خارجہ بن جائیں، اپنی جگہ پر حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنا دیں تاکہ صوبے کے معاملات کو دیکھنے والا تو کوئی ہو، میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 مارچ 2014 05:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مارچ۔2014ء)پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بدترین ہوتی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ اسمبلی آنے کی بجائے غیر ملکی دوروں میں مصروف ہیں، میاں شہباز شریف ایم پی اے شپ چھوڑ کر وزیر خارجہ بن جائیں، اپنی جگہ پر حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بنا دیں تاکہ صوبے کے معاملات کو دیکھنے والا تو کوئی ہو، اگر پنجاب حکومت نے امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو کنٹرول نہ کیا تو وہ دن دور نہیں کہ جب عوام سڑکوں پر ہوں گے، یہ بات اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید اور پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار شہاب الدین نے دیگر اپوزیشن ارکان کے ہمراہ ایوان کا امن وامان کی صورتحال پر احتجاجاً واک آؤٹ کرنے کے بعد اسمبلی احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال بدترین ہوتی جا رہی ہے، مظفر گڑھ میں آمنہ بی بی کی خود سوزی، چنیوٹ میں صاحب بی بی کے ساتھ اجتماعی زیادتی، قصور میں دو بچیوں کو بار بار اغواء کے بعد بیچا گیا، لاہور میں درجنوں ڈاکوں سے لگتا ہے کہ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، وزیراعلیٰ کو ترکی اور چائینہ کے دوروں سے فرصت نہیں وہ ضرور دورے کریں، ان کو چاہیے کہ وہ صوبے کے معاملات پر بھی توجہ دیں اگر انہوں نے مرکز کو دیکھنا ہے تو وہ ایم پی اے شپ چھوڑ کر وزیرخارجہ بن جائیں اور حمزہ شہباز کو صوبے میں الیکشن لڑوا کر وزیراعلیٰ بنا دیں تاکہ صوبے کے معاملات چلائے جا سکیں، اگر پنجاب حکومت نے امن وامان کی صورتحال پر قابو نہ پایا تو وہ دن دور نہیں جب صوبے کی عوام سڑکوں پر ہوں گے، پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار شہاب الدین نے کہا کہ ایسا لگتا ہے صوبے میں حکومت کی کوئی رٹ نہیں ہے، تھانہ کلچرل تبدیل کرنے اور گڈ گورننس کی بات کرنے والوں نے پولیس کی بہتری کے لیے 77 ارب خرچ کر ڈالے مگر اس کا رزلٹ زیرو نکلا۔