ورلڈ ٹی 20ورلڈ کپ :روایتی حریفوں پاکستان بھارت میچ کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت،کرکٹ کے دیوانوں کا جنون عروج پر پہنچ گیا ،دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کیلئے دونوں ملکوں کی بڑی تعداد میں عوام ، فلمی ستارے اور بزنس مین بنگلہ دیش پہنچ گئے ، سٹے باز بھی حرکت میں آگئے ، ایشیا کپ میں بھارت کی شکست کے بعد دونوں حریفوں کے درمیان افتتاحی میچ مزید سنسنی خیز ہوگیا

جمعرات 20 مارچ 2014 06:25

ڈھاکہ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مارچ۔2014ء ) آئی سی سی ورلڈ ٹی 20کا پہلا میچ ایشیا کی دو کرکٹ سپر پاورز روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان جمعے کو کھیلا جائے گا، میچ سے قبل ہی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں ، بہت سے تماشائیوں کو مایوسی کا بھی سامنا کرنا پڑا ، ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ انتہائی سنسنی خیز رہا تھا جس کی وجہ سے ورلڈ کپ میں بھی دونوں ٹیموں کا ایونٹ کا پہلا میچ سنسنی خیز ہونے کا امکان ہے ۔

بنگلہ دیش میں کروڑوں کرکٹ کے دیوانوں میں کرکٹ کا جنون عروج پر پہنچ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پاک بھارت ٹاکرے کے لئے ٹکٹ نایاب ہیں ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوچکے ہیں اور دونوں ملکوں سے بڑی تعداد میں تماشائی بنگلہ دیش میں اپنی اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے آئے ہیں جن میں بڑی تعدا د فلمی ستاروں اور تاجروں کی بھی ہے اس وجہ سے پاک بھارت میچ کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور پوری دنیا کی نظریں ورلڈ ٹی 20کے پہلے میچ میں مرکوز ہیں ۔ دوسری جانب سٹے باز بھی بڑی تعداد میں حرکت میں آگئے ہیں اور اربوں روپے کا جواء ہونے کا امکا ن بھی ظاہر کیا جارہا ہے ۔ ایشیا کپ میں بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں شکست نے ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے افتتاحی میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے ۔