لاپتہ ملائیشیئن طیارے کی تلاش اولین ترجیح ہے ،صدر اوبامہ ، اوبامہ نے یوکرائن میں فوجی کارروائی کے امکان کو بھی مسترد کردیا

جمعہ 21 مارچ 2014 03:56

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مارچ۔2014ء)امریکی صدر باراک اوبامہ نے گزشتہ روز کہا ہے کہ لاپتہ ملائیشیئن طیارے کی تلاش اولین ترجیح ہے ، امریکہ نے ایف بی آئی سمیت اس سلسلے میں ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی ہے ۔ملائیشیاء ایئرلائن فلائیٹ370بارے اپنے پہلے ٹی وی بیان میں باراک اوبامہ نے لاپتہ طیارے کے مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا ۔

اوبامہ نے ڈیلاس ٹیلی ویژن سٹیشن کے ڈی ایف ڈبلیو کو وائٹ ہاؤس میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں انہیں یہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ ہم اسے اولین ترجیح قرار دینے پر غور کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم تمام دستیاب وسائل کے ہمراہ تلاش کے عمل کو جاری رکھیں گے ملائیشیاء کی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

اوبامہ نے کہاکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) ،نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ اور کسی بھی ادارے یا عہدیدار کو ایوی ایشن کے ساتھ اس سلسلے میں کی جانیوالی تحقیقات میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔

دریں اثناء امریکی صدر باراک اوبامہ نے گزشتہ روز یوکرائن میں فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ روس کے خلاف مضبوط سیاسی محاذ قائم کیا جائے گا۔اوبامہ نے انٹرویو میں مزید کہا کہ ہم یوکرائن میں کسی بھی طرح کی فوجی کارروائی کے لئے نہیں جا رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے تمام سفارتی وسائل کو منظم کرکے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مضبوط عالمی اتحاد قائم کرکے اس حوالے سے واضح پیغام دیں ۔

باراک اوبامہ نے خبردار کیا ہے کہ روس کی جانب سے طاقت کا استعمال درست نہیں ، تاہم انہوں نے یوکرائن میں کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ روس نے یوکرائن کے علاقے کریمیا میں مداخلت کرکے ایک اور ملکی خو د مختا ر ی کی خلاف ورزی کی ہے ۔تاہم انہوں نے اس بات کا اعا دہ کیاکہ وہ یوکرائن میں کسی بھی طرح کی فوجی مہم جوئی کے لئے نہیں جا رہے ۔

اوبامہ نے کہاکہ ہم تمام سفارتی وسائل کو منظم کرکے اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ایک مضبوط عالمی اتحاد تشکیل دے کر واضح پیغام دیا جائے۔جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا فارمولا درست نہیں، ہم حالیہ اقدامات کے خلاف روس پر دباؤ بڑھانے کا سلسلہ برقرار رکھیں گے، تاہم اوبامہ نے خبردار کیا کہ یوکرائنی کواس بات کو تسلیم کر یں گے ہمارا روسی فوج کے خلاف برسرپیکار ہونا نہ صرف ہمارے لئے بلکہ یوکرائنی عوام کے لئے بھی اچھانہیں ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :