حکومت کھیلوں اور تعلیم کی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے پرعزم ہے،صدرممنون حسین،درپیش چیلنجوں سے موثر طور پر نمٹنے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا مناسب کردار ادا کرنے ضرورت ہے‘ نوجوانوں کو تدریس و کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے سازگار فضاء پیدا کر رہے ہیں،اسلام آباد کلب کے پولو گراؤنڈ کا افتتاح پر خطاب

جمعہ 21 مارچ 2014 03:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مارچ۔2014ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں اور تعلیم کی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو جدید ترین تفریحی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اس مقصد کے حصول کے لئے ہم نے اپنی خوبیوں اور توانائیوں کو یکجا کیا ہے اور نوجوانوں کو تدریس و کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے سازگار فضاء پیدا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ا سلام آباد کلب کے پولو گراؤنڈ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر افتتاحی نمائشی پولو میچ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ارجنٹائن، برطانیہ اور پاکستان کے ممتاز بین الاقوامی کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

صدر نے تختی کی نقاب کشائی کر کے پولو گراؤنڈ کا افتتاح کیا جس کے بعد پریذیڈنٹ ریڈ اور پریذیڈنٹ بلیو ٹیموں کے درمیان افتتاحی نمائشی میچ کھیلا گیا۔

صدر نے اس موقع پر 23 مارچ اور نظریہ پاکستان کی اہمیت کے پیش نظر اس کلب میں ہر سال پولو ٹورنامنٹ منعقد کرنے اور پولو کلب کے لئے 10 لاکھ روپے عطیہ کا بھی اعلان کیا۔فتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ درپیش چیلنجوں سے موثر طور پر نمٹنے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا مناسب کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم درست سمت میں گامزن ہیں اور اجتماعی کاوشوں کے ذریعے ملک کو بحران سے نکال کر ترقی، امن اور خوشحالی کی ٹھوس بنیاد پر استوار کر سکتے ہیں، ہماری مشترکہ منزل ہم سے مل جل کر کام کرنے کا تقاضا کرتی ہے، موجودہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات کو جدید تفریحی اور تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔صدر نے کہا کہ حکومت کھیلوں اور تعلیم کی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو جدید ترین تفریحی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اس مقصد کے حصول کے لئے ہم نے اپنی خوبیوں اور توانائیوں کو یکجا کیا ہے اور نوجوانوں کو تدریس و کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے سازگار فضاء پیدا کر رہے ہیں۔

انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے حوالے سے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے نوجوانوں میں دیگر مذاہب اور ثقافتوں کے لئے ہمدردی، انصاف، عاجزی اور برداشت کی اقدار کو روشناس کرائیں۔ صدر نے کہا کہ ان کا پختہ یقین ہے کہ ہم پر اپنے معاشرے میں فراخدلی، نظم و ضبط اور دیانتداری کے جذبے کی حوصلہ افزائی کا فریضہ عائد ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اپنے مقاصد کے حصول کے لئے اچھے سے عظیم تر کی طرف ہمارا سفر اپنی بنیادی اقدار کے لئے غیر متزلزل عزم اور وابستگی کا متقاضی ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہمارے سامنے کئی چیلنجز موجود ہیں۔ اپنی ترقیاتی پالیسیوں کے موثر نفاذ پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور ملک کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کرنے کا پختہ عہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں متنوع پن کو اپنانا چاہیے، اظہار کی آزادی کا تحفظ کرنا چاہیے اور نوجوان نسل کو پھلنے پھولنے اور ہر میدان میں آگے بڑھنے کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ ہم پر اپنے بچوں کو مستقبل کے لئے تیار کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اس حکومت کو بحرانوں نے آزمایا ہے جس سے ہمارا عزم مضبوط ہوا ہے اور اقتصادی استحکام برقرار رکھنے، وسائل پیدا کرنے اور اس ملک کو خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے عزم کو پختگی ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم درست سمت میں گامزن ہیں اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہم ملک کو بحران سے نکال کر ترقی، امن اور خوشحالی کی ٹھوس بنیاد پر استوار کر سکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ ہماری مشترکہ منزل ہم سے مل کر کام کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔ صدر نے اس موقع پر اسلام آباد کلب کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں جدید سہولیات سے آراستہ پولو گرا?نڈ کے قیام کے لئے کوششوں اور افتتاحی میچ منعقد کرانے پر کلب کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کئی برسوں سے اسلام آباد کلب دارالحکومت کے رہائشیوں اور غیر ملکی باشندوں کو کھیلوں اور تفریح کی شاندار سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

یہ امر حوصلہ افزاء ہے کہ گزشتہ چار دہائیوں میں کلب نے موجودہ دور کے اپنے تقاضوں کے مطابق اپنے دائرہ کار کو وسعت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولو کلب کا افتتاح ہمارے قابل فخر ورثے اور اس خطہ میں اس کھیل کی تاریخ کی عکاسی کرتا ہے، ہمارے پاس دنیا کا سب سے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور ہے اور پاکستان نے پوجر آفندی، وکی آفندی اور حسام علی حیدر جیسے شاندار پولو کھلاڑی پیدا کئے ہیں۔

صدر نے کلب کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں معیاری کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اپنی قابل قدر کاوشیں جاری رکھے۔ صدر مملکت جو اسلام آباد کلب کے سرپرست بھی ہیں، نے پولو گراؤنڈ میں افتتاحی نمائشی میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم پریذیڈنٹ ریڈ کو مبارکباد دی جس نے پریذیڈنٹ بلیو ٹیم کو 6 کے مقابلے میں 8 گول سے شکست دی۔

صدر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہار یا جیت کوئی معنی نہیں رکھتی، یہ مقابلے کا جذبہ ہوتا ہے جو اہمیت رکھتا ہے اور دونوں ٹیمیں تحسین کی مستحق ہیں تقریب میں ارکان پارلیمان، سفارتکاروں، سینئر سول سرونٹس، ممتاز شخصیات اور پولو کے مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں صدر نے افتتاحی نمائشی پولو میچ کی فاتح ٹیم اور کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر اسلام آباد کلب کے ایڈمنسٹریٹر ندیم حسن عارف نے صدر مملکت کو سوینیئر بھی پیش کیا۔ اس سے پہلے اسلام آباد کلب کے ایڈمنسٹریٹر ندیم حسن عارف نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کلب پولو گراؤنڈ وفاقی دارالحکومت کا پہلا پولو گراؤنڈ ہے، یہ عالمی معیارات کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسیع تر ماسٹر پلان کے تحت اسلام آباد پولو گراؤنڈ قائم کیا گیا ہے، عالمی ماہرین کو اس کے ڈیزائن اور تیاری میں شریک کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پولو اکیڈمی میں شہرت یافتہ بین الاقوامی کھلاڑی مارکوس ہین کاک (انگلینڈ) کی نگرانی میں تین ماہ کا پہلا تربیتی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں یہاں مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی جبکہ آئندہ بھی اس قسم کی صحت مند اور معیاری سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :