وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کا سول ہسپتال مٹھی کا دورہ ، بچوں کے وارڈ میں گئے اور ڈاکٹر ز سے ان کے علاج کے متعلق معلومات لیں

جمعہ 21 مارچ 2014 03:46

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گزشتہ روز سول ہسپتال مٹھی کا دورہ کیا جہاں وہ بچوں کے وارڈ میں گئے اور ڈاکٹر ز سے بچوں کے علاج کے متعلق معلومات لیں ۔ انہوں نے بچوں کے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کے بہتر علاج کے ساتھ ساتھ ان کی خوراک کا بھی خیال رکھیں ۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سرکٹ ہاوٴس مٹھی میں منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور تھر میں قحط متاثرین کیلئے ریلیف کے کاموں کے متعلق معلومات حاصل کیں ۔ انہوں نے منتخب نمایندوں کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی تقسیم کے عمل کی نگرانی کریں اور بلا تفریق گندم کی تقسیم کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی سی تھرپارکر کو ہدایت کی کہ وہ قحط متاثرین میں گندم کی فوری تقسیم کو یقینی بنائیں ۔

اجلاس میں ڈی سی تھرپارکر آصف اکرام نے وزیر اعلیٰ سندھ کو تھر میں ریلیف کے کاموں کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قحط متاثرین میں اب تک92 ہزار 181 گندم کی بوریاں تقسیم کی گئیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے اور دیگر ڈونر ایجنسیز کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو 23836 راشن بیگز مہیا کیے گئے ہیں ، جن میں سے 21986 راشن بیگز تقسیم کیے جاچکے ہیں بقیہ 1850 راشن بیگز بھی جلد تقسیم کیے جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ قحط متاثرین کے علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 48 موبائل ٹیمیں مصروف عمل ہیں جبکہ اب تک محکمہ صحت کی جانب سے 34551 مریضوں اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے 32678 مریضوں کا علاج کیاگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی 19 موبائل ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور تھر کے تقریبا 6 ملین مویشیوں میں سے 2.4 ملین مویشیوں کی ویکسینیشن کی گئی ہے ۔

اس کے علاوہ مویشیوں کے چارے کے 32 سو تھیلے تقسیم کیے جاچکے ہیں انہوں نے بتایا کہ دسمبر 2013 سے اس وقت تک تھر میں کُل 180 -افراد کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں جن میں 104 بچے ،46 مرد اور 30 خواتین شامل ہیں جبکہ 2044 مویشی ہلاک ہوئے ہیں اجلاس میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز جام خان شورو ، صوبائی وزیر زکوٰة دوست محمد راہیمو، ایم این ایز فقیر شیر محمد بلالانی ، نور حسین شاہ جیلانی ، ایم پی ایز ڈاکٹر مہیش کمار ملانی ، مخدوم نعمت اللہ ، ڈویژنل کمشنر میرپور خاص ساجد جمال ابڑو ، ڈی سی تھرپارکر آصف اکرام ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر حفیظ بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :