سی این جی ایسوسی ایشن اور حکومت کے مابین تمام معاملات پر اصولی اتفاق ،وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اس ضمن میں جلد باقاعدہ اعلان کردینگے

ہفتہ 22 مارچ 2014 06:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مارچ۔ 2014ء) سی این جی ایسوسی ایشن اور حکومت کے مابین تمام معاملات پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے اور وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اس ضمن میں جلد باقاعدہ اعلان کردینگے۔ یہ فیصلہ طویل مشاورتی عمل کے بعد کیا جا رہا ہے جس میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ودیگر اعلیٰ حکام، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل کے چیئرمین غیاث پراچہ، مرکزی چیئرمین پرویز خٹک، پنجاب کے چیئرمین میاں شاہد، سندھ کے چیئرمین شبیر سلیمان، سینئر نائب صدر بریگیڈئیر افتخار، عابد حیات، کیپٹن شجاع اور دیگر شامل رہے۔

اجلاس میں سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی بندش کے تین روزہ شیڈول میں کمی اور بندش کے ہفتہ وار شیڈول میں تبدیلی پر بھی غور کیا گیا ،ذرائع کے مطابق اجلاس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے چیرمین مفتاح اسماعیل، ایم ڈی ایس ایس جی سی زہیر صدیقی، آل پاکستان سی این جی ایسو سی ایشن کے عہدیدار شامل تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سی این جی اسٹیشنز پر عوام کی لائنیں ختم کرنے کے انتخابی وعدے پر عمل درآمد کا آغاز کرتے ہوئے پنجاب میں ہفتہ میں سات دن مخصوص اوقات میں سی این جی اسٹیشنز کھلے رکھنے جبکہ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تین سے کم کرکے دو دن کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ،وقت گزرنے کے ساتھ لوڈ شیڈنگ میں مزید کمی کی جائے گی ،اس فیصلے سے کئی سال سے مسائل کا شکار 450ارب کی سی این جی کی صنعت ، اس سے وابستہ لاکھوں افراد اور اس پر دارومدار کرنے والے کروڑوں عوام کو ریلیف ملے گا۔

ایک اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ ہم 3300سی این جی سٹیشن مالکان، 37لاکھ گاڑی مالکان اور روزانہ سفر کرنے والے آٹھ کروڑ عوام وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے شکر گزار ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں غیاث پراچہ نے کہا کہہ پنجاب میں تجرباتی طور پر مخصوص اوقات میں سی این جی دستیاب ہو گی جبکہ اتوار کو کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔

اس فیصلے سے عوام اور سی این جی مالکان کے مسائل ، ماحولیاتی آلودگی اور تیل کی درآمدی بل کم، بجلی اور گیس کی پیک ٹائم میں بچت اور لاکھوں افراد کا روزگار یقینی بنایا جا سکے گا جو موجودہ حکومت کا روشن کارنامہ ہے۔ نئے شیڈول میں سی این جی سیکٹر کو گیس سپلائی کے وقت پر حتمی فیصلے کیلئے سی این جی ایسوسی ایشن اور ایم ڈی ایس این جی پی ایل کے مابین پیر کو لاہور میٹنگ ہوگی۔