شیخ رشید کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کینیڈا جانے سے روک دیا گیا،شیخ رشید 23 مارچ کو ہونے والے ایک جلسے میں شرکت کے لئے کینیڈا جانا چاہتے تھے،میرا نام ای سی ایل میں نہیں، معا ملہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اٹھاؤ ں گا‘شیخ رشید

ہفتہ 22 مارچ 2014 06:29

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مارچ۔ 2014ء)عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو اسلام آباد کے بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر حکام نے این او سی نہ ہونے پر کینیڈا جانے سے روک دیا۔ذرا ئع کے مطا بق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کینیڈا میں ایک جلسے میں شرکت کے لئے اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پہنچے تو حکام نے کینیڈا کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے پر انھیں روک دیا۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو کینیڈا کی ٹرانسپورٹ سکیورٹی ایجنسی نے این او سی جاری نہیں کیا، شیخ رشیدکی کلیئرنس سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ شیخ رشید 23 مارچ کو ہونے والے ایک جلسے میں شرکت کے لئے کینیڈا جانا چاہتے تھے۔

دوسری جانب شیخ رشید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے 23 مارچ کے سلسلے میں پاکستان ہاؤس کی بنیاد رکھنے کے علاوہ متعدد اہم تقاریب میں بھی شرکت کرنا تھی،میری سیٹ کنفرم تھی اور میرا نام ای سی ایل میں بھی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے ان کو آف لوڈ کرنے کی وجہ نہیں بتائی تاہم انھیں آف لوڈ سلپ دے دی گئی۔ شیخ رشید نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس معاملے کواٹھائیں گے۔