جاپان حکومت نے نو (9) پاکستانی طلباء و طالبات کو سکالر شپس کے لیے منتخب کرلیا

ہفتہ 22 مارچ 2014 06:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مارچ۔ 2014ء)حکومت ِ جاپان نے نو (9) پاکستانی طلباء و طالبات کو جا پان میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ ڈگری کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے جبکہ ایک طالب علم کو انڈر گریجویٹ ڈگری کے لیے سکالر شپس کے لیے منتخب کر لیا ہے۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر جناب ہروشی اِنوماتا نے آج اپنی سرکاری رہائش گاہ پر جاپان جانے والے اِن طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایک الوداعی عشاہیے کا اہتمام کیا ۔

جاپان کے سفیر نے اِس موقع پر سکالرشپس حاصل کرنے والے طلبا ء و طالبات کو مبارک باد دی او ر اس اُمید کا اظہار کیا کہ جاپان میں اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے علم اور تحقیقی صلاحیتوں سے پاکستان کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کر سکیں گے۔ جاپان کی وزارتِ تعلیم کے اس سکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستانی طالبِ علموں کو جاپان کی بہترین یونیورسٹیوں میں اپنے اپنے شعبہ میں اعلی تعلیم و تحقیق کے مواقع میسر آ ئیں گے۔

(جاری ہے)

اِس سکالر شپ پر آنے والے تمام اخراجات حکومت ِ جاپان برداشت کرے گی۔ پاکستان کے ہونہار طلباء و طالبات کو یہ سکالر شپ دینے کا مقصد پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے اعلیٰ تعلیم یافتہ افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ سکالر شپ حاصل کرنے والوں کا انتخاب پاکستان میں جاپانی سفارتخانہ ، جاپان کی وزارتِ تعلیم اور جاپان کی یونیورسٹیو ں سے فارغ التحصیل پاکستانی اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی تنظیم ( ماپ) کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

پاکستان میں جاپانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام سکالر شپ کے لئے منتخب طالب علموں کی جاپان روانگی سے قبل ایک تعارفی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں طالب علموں کو جاپان کی ثقافتی و معاشرتی قدروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جاپان کے رہن سہن کے آداب سے متعلق خصوصی لیکچر بھی دیا گیا۔