بعض عناصر افواہیں پھیلا کر مدارس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں،چوہدری نثار ،کسی مدرسے سے کوئی شکایت ہوئی تو وفاق المدارس کو اعتماد میں لیں گے،وفاقی وزیرداخلہ کا مفتی رفیع عثمانی سے فون پر رابطہ

اتوار 23 مارچ 2014 07:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مارچ۔2014ء)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بعض عناصر افواہیں پھیلا کر مدارس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں،کسی مدرسے سے کوئی شکایت ہوئی تو وفاق المدارس کو اعتماد میں لیں گے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز وزیرداخلہ چوہدری نثار نے وفاق المدارس العربیہ کے نائب صدر مفتی اعظم پاکستان محمد رفیع عثمانی سے فون پر رابطہ کیا ،وزیرداخلہ نے کہا کہ علم دین کی ترویج اور اشاعت میں مشغول مدارس کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اہم قومی امور پر علماء کے مثبت اور خیرخواہانہ کردار کو سراہتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکورٹی کی پالیسی کے حوالے سے بعض بے بنیاد افواہیں پھیلا کر مدارس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،تاہم پاکستان کے مدارس اس حوالے سے مثبت کردارجاری رکھیں گے اور مذاکراتی عمل میں حکومت کا ساتھ دیں گے،اس موقع پر مفتی محمد رفیع عثمانی نے مذاکراتی عمل کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان مذاکرات کو ملک میں امن قائم کرنے کا ذریعہ بنائیں،انہوں نے کہا کہ قیام امن کیلئے وفاقی وزیر داخلہ کی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید ہے کہ چوہدری نثار علی خان ملک میں قیام امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور اس کیلئے علماء حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔