مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں 3فلسطینی شہید

اتوار 23 مارچ 2014 07:33

جنین(ا اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مارچ۔2014ء)مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ ، جو کہ جنین پناہ گزین کیمپ میں ایک مزاحمت کار کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہے تھے ، جھڑپ میں 3فلسطینی شہید ہو گئے ، یہ بات فلسطینی حکام نے کہی ۔ہسپتال اور سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ہلاک شدگان میں دو مزاحمت کار اور تیسرا عام شہری شامل ہے ، ان کا کہنا ہے کہ 14فلسطینی زخمی بھی ہوئے اور 2کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے ۔

اسرائیلی فوج نے واقعہ کی تصدیق کی،تاہم کہا کہ مجموعی طور پر چارفلسطینی واقعہ کے دوران ہلاک ہوئے ہیں۔فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی شمالی مغربی کنارے کے شہر میں واقع کیمپ میں 20سالہ حمزہ ابوالجیہا کی گرفتاری کیلئے داخل ہوئے جو کہ حماس کے ملٹری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز کا رکن ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال اور سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ اس موقع پر الجیہا کی مدد کیلئے ان کے گھر کے گرد جمع ہونے والے مسلح افراد اور فوجیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس میں اسلامک جہاد کا رکن 19سالہ محمد ابو زینا الجیہا کے ہمراہ مارا گیا۔

فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ ایک عام شہری یازان جبرین بھی جھڑپ کے دوران مارا گیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی فورسز نے الجیہا کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جو فائرنگ اور بم حملوں کے ساتھ ساتھ مستقبل میں حملوں کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں مطلوب تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ الجیہا نے اپنے گھر میں دیگر مزاحمت کاروں کے ہمراہ پناہ لی تھی اور فائرنگ کرکے دو اسرائیلی سیکورٹی اہلکاروں کو زخمی کردیا،جنہوں نے جواب میں فائرنگ کرکے دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔فوج نے کہا ہے کہ الجیہا موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ جھڑپ میں تین مزید فلسطینی بھی ہلاک ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :