چولستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اعلان کردہ پیکیج پر تیز رفتاری سے عملدرآمدکیاجائے گا،شہبازشریف ،پیکیج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کروں گا،غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں جائے گی،چولستان میں بسنے والوں کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے، بے زمین کاشتکاروں کو شفاف طریقے سے اراضی کی الاٹمنٹ کی جائے گی،لٹریٹ چولستان پراجیکٹ کے تحت چلنے والے کمیونٹی سکول مستقبل میں بھی کام کرتے رہیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

اتوار 23 مارچ 2014 07:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چولستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اعلان کردہ پیکیج پر تیزرفتاری سے عملدرآمد کیاجائے گا -چولستان کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کو خود مانیٹر کروں گا - غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا- چولستان میں بسنے والوں کو صحت، تعلیم اور دیگر سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے- لٹریٹ چولستان پراجیکٹ کے تحت چلنے والے کمیونٹی سکول مستقبل میں بھی کام کرتے رہیں گے،یہ بات انہوں یہاں چولستان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی- چیف سیکرٹری نے چولستان کی صورتحال،حکومتی اقدامات اور چولستان میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت بارے بریفنگ دی -صوبائی وزراء تنویر اسلم ملک، اقبال چنڑ، مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق،اراکین اسمبلی،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیور، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور ایم ڈی چولستان اتھارٹی نے اجلاس میں شرکت کی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چولستان میں صورتحال معمول کے مطابق ہے اور یہاں روڈ نیٹ ورک پر بھی تیزی سے کام جاری ہے - انہوں نے کہاکہ لٹریٹ چولستان پراجیکٹ کے تحت چلنے والے کمیونٹی سکولوں کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن چلائے گی- انہوں نے کہاکہ چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو شفاف طریقے سے اراضی کی الاٹمنٹ کی جائے گی اور اس مقصد کے لئے شفاف پالیسی مرتب کی جائے گی-وزیراعلیٰ نے سیکرٹری سکولز کو ہدایت کی کہ وہ چولستان کے کمیونٹی سکولز کا دورہ کر کے رپورٹ پیش کریں- انہوں نے چولستان میں ٹیوب ویلوں کو سولر پینل پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی-وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء ،چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی چولستان کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کا جائز ہ لے گی- انہوں نے کہاکہ چولستان کو 250کیوسک نہری پانی فراہم کیا جائے گا-چیف سیکرٹری نے چولستان کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ چولستان میں واٹر پا ئپ لائنز کی بحالی اور 1100ٹوبوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔