تھر پارکر میں پانی کے بحران کو مستقل طور پر ختم کرنے کیلئے کمیونٹی ، این جی اوز اور دیگر اداروں کے تعاون سے اقدامات کیے جا رہے ہیں، نثار احمد کھوڑو

اتوار 23 مارچ 2014 07:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مارچ۔2014ء )سینیئر صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ضلع تھر پارکر میں پانی کے بحران کو مستقل طور پر ختم کرنے کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ ساتھ کمیونٹی ، این جی اوز اور دیگر اداروں کے تعاون سے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں حکومت سندھ تھرپارکر ضلع کے 44یونین کوٴنسلوں میں مزید آر او پلانٹ نصب کرنے کے ساتھ ساتھ برساتی پانی جمع کرنے کیلئے تالاب تعمیر کرنے پر بھی غور و خوص کیا جا رہا ہے ۔

اس بات کا اظہار انہوں نے دربار ہال مٹھی میں ایک سماجی تنظیم کی جانب سے پانی کے عالمی دن منانے کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ضلع تھر پارکر کے لوگوں میں یہ شعوربیدار کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ اپنے کچے خواہ پکے مکانات میں برساتی پانی جمع کرنے کیلئے چھوٹی چھوٹی ٹانکیاں تعمیر کریں تاکہ اس جمع شدہ پانی کو قابل استعمال بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع تھر پارکر میں اس وقت قحط سالی ہے اس ضمن میں سندھ حکومت کے ساتھ این جی اوز اور دیگر فلاحی ادارے تھر کے عوام کے غم میں شریک ہیں اور ان کی امداد کر رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ضلع تھر پارکر کے لوگوں میں یہ بھی شعور بیدار کیا جائے کہ وہ دور دراز علاقوں میں ایک ایک مکان میں رہنے کے بجائے بڑے گاوٴں قائم کر کے ایک جگہ پر رہائش اختیار کریں تاکہ انکو یونین کونسلز کی سطح پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پانی کے بحران آسانی سے نمٹاجا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جانب سے 1993 میں تھر میں ترقیاتی اسکیموں پر کام شروع کیا گیا جن میں کوئلے کی کانوں کی کھدائی کا کام شروع کرنے اور کیٹی بندر سے تھر پارکر تک ریلوے ٹریک بچھانے کے منصوبے تھے اس ریلوے ٹریک سے تھر کے کوئلے کو کیٹی بندر بچھایاپہنچا کر اور0 500میگا واٹ بجلی پیدا کی جا تی مگر پی پی پی حکومت کے خاتمے کے بعد دوسری آنے والی حکومت نے ان منصوبوں پر کام روک دیا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ پی پی پی حکومت کی کوشش ہے کہ ضلع تھر پارکر کے تمام گاوٴں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں تھر کے کوئلے پر کام شروع ہونے سے وہ دن دور نہیں ہے کہ تھر بھی کراچی کی طرح صوبے کا معاشی حب بن جائے گا ۔ اس موقع پر پی پی پی کے سینییٹر عاجز دھامراہ ، پی پی پی رہنماحنا دستگیر ، ایم پی اے کھٹو مل جیون ، ایوب شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے سول ہسپتال مٹھی کا دورہ بھی کیا جہاں پر داخل چھوٹے بچوں اور دیگر مریضوں کی عیادت کی۔

متعلقہ عنوان :