وزیراعظم نواز شریف آج راولپنڈی‘اسلام آباد میٹرو بس سروس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے

اتوار 23 مارچ 2014 07:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مارچ۔2014ء )وزیراعظم محمد نواز شریف آج 23مارچ(اتوار کو) راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ملکی تاریخ کے میگا ماس ٹرانزٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ،وفاقی وزراء،مقامی ایم این ایز ،ایم پی ایزاور اعلی سرکاری حکام بھی موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

مئی 2013کے عام انتخابات میں کامیابی کے نتیجے میں برسر اقتدار آنے کے بعد وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی شہباز شریف نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹروبس منصوبہ تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا۔

ڈائریکٹوریٹ تعلقات عامہ حکومت پنجاب راولپنڈی کے جاری کردہ بیان کے مطابق راولپنڈی / اسلام آباد میٹروبس منصوبے پر عمل درآمد کے لئے جنوری 2014میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی بریفنگ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد پنجاب کابینہ نے یکم فروری کو راولپنڈی۔ اسلام آباد میٹروبس منصوبے کی منظوری دے کر اس پر تیز رفتاری سے کام شروع کر دیا۔؎