سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کردیا

اتوار 23 مارچ 2014 07:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مارچ۔2014ء) صوبے میں سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کروانے کے لئے سندھ حکومت نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزراء کمیٹی کا ایک اجلاس ہوا جس میں وزیراطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن ، صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز میر ہزار خان بجارانی ، ڈاکٹر سکندر میندھرو ، مشیر خزانہ سید مراد علی شاہ سمیت پرنسپل سیکریٹری رائے سکندر ،سیکریٹری بلدیات اور سیکریٹری قانون نے بھی شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اعلیٰ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ماضی قریب میں ان کی حکومت نے اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کے مطابق بلدیاتی الیکشن کروانے کا عہد کیا تھا اور آئندہ بھی ایسا ہی کرینگے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کورٹ سے جاری شدہ شارٹ آرڈر پر غور کیا گیا اور اجلاس کے شرکاء نے تفصیلی آرڈر میں جانے کی دلچسپی دکھائی جو کہ ابھی تک سندھ حکومت کو ملنا باقی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی سیکریٹری قانون اور قانونی ماہرین کو ہدایت کی کہ وہ عدالتی فیصلے کے حوالے سے بلدیاتی الیکشن کروانے کے انتخابات سے متعلق ورکنگ پیپر تیار کرکے اگلے اجلاس میں پیش کریں تاکہ صوبے کے اندر صاف و شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنا یا جاسکے ۔