قومی ایئر لائن کو دھچکا ‘ چار بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے تیس ہزار کم کاحج پیکیج پیش کر دیا، سردار یوسف معاملے کو وزیراعظم کے سامنے پیش کریں گے،کابینہ نے حتمی منظوری دیدی تو سرکاری حاجی انتہائی کم نرخوں پر ہو سکتا ہے ، ذرائع

پیر 24 مارچ 2014 07:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مارچ۔2014ء)قومی ایئر لائن کو دھچکا ‘ چار بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے وزارت مذہبی امور کو پی آئی اے سے تیس ہزار فی حاجی کم پیکیج تحریری طور پر پیش کر دیا‘ سردار یوسف معاملے کو وزیراعظم کے سامنے پیش کریں گے اگر وفاقی کابینہ نے حتمی منظوری دے دی تو امسال سرکاری حاجی انتہائی کم نرخوں پر ہو سکتا ہے ۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے “ کو بتایا کہ چار بین الاقوامی ایئر لائنز قطر ایئر لائن‘ کویت ایئر لائن‘ اتحاد ایئر لائن اور امارات ایئرلائن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن سے فی حاجی تیس ہزار روپے کم کا پیکیج وزارت مذہبی امور کو تحریری طور پر دے دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر حج آپریشن مذکورہ کمپنیوں کو دیا جائے تو پاکستانی حاجیوں کو فضائی سفری سہولیات کیساتھ ساتھ انتہائی مناسب ریٹس پر حج بھی کروایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے اپنی سفارشات تیار کرلی ہیں جنہیں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے حوالے کردیا جائے گا جو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیراعظم کو پیش کریں گے اور بتائیں گے کہ اگر مذکورہ چار کمپنیوں کو حج آپریشن کی اجازت دی جائے تو سرکاری حاجیوں کو بہتر سہولیات اور سستا حج کرنے کا وفاقی حکومت کا وعدہ پورا ہوسکتا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ معاملہ بعدازاں وفاقی کابینہ میں بھی جائے گا اور اسے وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں سرفہرست رکھا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے ایک سینئر عہدیدار نے ”خبر رساں ادارے“ سے گفتگو کرتے ہوئے نام نہ بتانے کی شرط پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ چار کمپنیوں نے پی آئی اے سے کم حج پیکیج پیش کیا ہے اگر وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی تو سرکاری حاجیوں کو یہ حج تقریباً اڑھائی لاکھ سے دو لاکھ 70 ہزار میں باآسانی کرایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کی وزارت مذہبی امور سے اہم میٹنگز ہوچکی ہیں البتہ حج کرایوں پر اتفاق رائے اب تک نہیں ہوسکا ہے۔

متعلقہ عنوان :