حکومت نے50کروڑ روپے کی رقم بینکوں کے ذریعے بی آئی ایس پی کی مد میں جمع کروادی ہے،اسحاق ڈار ، 77000نادار خاندانوں کی مالی امداد کی جائے گی، بیان

منگل 25 مارچ 2014 06:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مارچ۔ 2014ء)وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے50کروڑ روپے کی رقم بینکوں کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مد میں جمع کروادی ہے،جس سے77000نادار خاندانوں کی مالی امداد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پیر کو وزارت خزانہ سے جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر برائے خزانہ،اقتصادی امور ونجکاری سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دوسری سہ ماہی کیلئے بقیہ50کروڑ کی مزید رقم رواں برس مئی کے درمیان میں تقسیم کی جائے گی ،وزیراعظم محمد نواز شریف نے ضلع تھرپارکرمیں متاثرہ علاقوں کے حوالے سے اپنے حالیہ دورہ میں غریب ونادار خاندانوں کی مالی امداد کیلئے1ارب روپے کی رقم راہم کرنے کا اعلان کیا تھا،وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ50کروڑ روپے کی رقم سے77000نادار خاندانوں کی فوری مالی امداد ممکن ہو سکے گی تاہم رقم کی تقسیم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مد میں بینکوں کے ذریعے ممکن ہوگی،انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ رقم کی تقسیم سے77000غریب خاندانوں کی قوت خرید بہتر ہوگی جس سے وہ اپنی مرضی سے اشیائے ضروریات اور خوراک کی خریداری کرسکیں گے،وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت انکم سپورٹ کارڈ کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو10,000روپے فی خاندان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس رقم کو رواں برس میں دو سہ ماہیوں مارچ تا جون اور جولائی تا ستمبر فراہم کیا جانا تھا،وفاقی حکومت کی جانب سے یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے 77000خاندان تھرپارکر کے رہائشی ہیں جو کہ فی خاندان3600روپے فی خاندان ایک سہ ماہی میں وصول کررہے تھے تاہم اب وہ فی سہ ماہی 10,000روپے حاصل کر سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :