راولپنڈی اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں اور لاہور سمیت کئی میدانی علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ گزشتہ چوبیس گھنٹے جا ری رہا، چوبیس گھنٹوں میں پارا چنار میں 75 ملی میٹر ‘ مالم جبہ 65 ‘ چکوال پچاس‘ دیر 49 ‘ اسلام آباد راولپنڈی 47 بارش ریکارڈ ، اسلام آباد میں راول ڈیم بھر گیا، زائد پانی نکالنے کیلئے سپل وے کھول دیئے گئے، بارش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بھی اسلام آباد‘ بالائی پنجاب ‘ ہزارہ ڈویژن‘ کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ، بعض پہاڑی علاقوں پر برف باری کا امکان

منگل 25 مارچ 2014 06:48

اسلام آباد/راولپنڈی/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مارچ۔ 2014ء) راولپنڈی اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں اور لاہور سمیت کئی میدانی علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ گزشتہ چوبیس گھنٹے جاری رہا جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی اسلام آباد‘ بالائی پنجاب ‘ ہزارہ ڈویژن‘ کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض پہاڑی علاقوں پر برف باری کا امکان ہے۔

بارشوں سے راولپنڈی لاہور اور دیگر شہروں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اسلام آباد میں راول ڈیم بھر جانے سے زائد پانی نکالنے کیلئے سپل وے کھول دیئے گئے جبکہ بارش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پارا چنار میں 75 ملی میٹر ‘ مالم جبہ 65 ‘ چکوال پچاس‘ دیر 49 ‘ اسلام آباد راولپنڈی 47 ‘ رسالپور اور سیدو شریف 43 ‘ ساہیوال 42 ‘ مری 39 ‘ راولاکوٹ 37 ‘ گڑھی دوپٹہ 31 ‘ لوئر دیر ‘ کالام اور ایبٹ آباد 30 ‘ کوٹیلی 29 ‘ پتن 28 ‘ پشاور 27 ‘ دادو 24 ‘ اوکاڑہ ‘ چراٹ اور منگلا 23 ‘ چترال 22 ‘ بنوں مظفر آباد اور بالاکوٹ 20 ‘ لاہور انیس ‘ موہنجو داڑو اور جہلم 18 ‘ قصور 17 ‘ کوئٹہ 16 ‘ تربت 14 ‘ بہاولنگر 13 ‘ منڈی بہاؤالدین اور سیالکوٹ 10 ‘ اور گوجرانوالہ میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

(جاری ہے)

سرد ترین مقام استور رہا جہاں کا درجہ حرارت منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد راولپنڈی گوجرانوالہ‘ لاہور‘ فیصل آباد‘ سرگودھا‘ ساہیوال ڈویژنوں‘ ہزارہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ خیبرپختونخواہ میں مالاکنڈ ‘ پشاور‘ کوہاٹ اور بنوں ڈویژنوں میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

مالاکنڈ ہزارہ ڈویژن اور کشمیر کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری بھی ہوسکتی ہے۔ گزشتہ دو روز سے جاری بارش کے باعث راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

باغ سرداراں ‘ ڈھوک رتہ‘ آریہ محلہ‘ کٹاریاں اور دیگر نواحی علاقوں میں پانی گھروں میں گھس گیا۔ تھانہ ائیرپورٹ کے اندر بھی پانی گھس گیا جس پر واسا حکام کو پانی نکالنے کیلئے فوری طور پر طلب کیا گیا۔

کئی مزید علاقوں سے بھی گھروں میں پانی گھسنے کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ دن بھر شدید بارش کے باعث سرکاری ملازمین کو دفتر آنے جانے میں بھی مشکلات درپیش رہیں۔ ٹرانسپورٹ کم ہونے سے ٹیکسی والوں کی بھی چاندی ہوگئی اور وہ شہریوں سے من مانے کرائے وصول کرتے رہے۔