بھارت سے تجارت کے معاہدے پر بات چیت کا عمل فی الحال روکدیا ،نئی آنیوالی حکومت سے بات کرینگے ‘ وفاقی وزیر تجارت ،بجلی خریداری کا معاہدہ طے پا گیا ہے ، گرڈ اسٹیشن کی تعمیر اور ترسیلی لائن بچھتے ہی بجلی خرید لیں گے ،اپنے کسان اور تجارت کے مفادات کا تحفظ کرینگے،بھارت سے خام مال منگوانے سے پاکستان کا امپورٹ بل کم ہو سکتا ہے، ایران کیساتھ تجارتی معاملات کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں ‘ انجینئر خرم دستگیر کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 26 مارچ 2014 06:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مارچ۔ 2014ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بھارت سے تجارت کے معاہدے پربات چیت کا عمل فی الحال روکدیا ہے ،وہاں ہونیوالے انتخابات کے بعد نئی آنے والی حکومت سے نئے سرے سے بات چیت کا آغاز کریں گے ،بھارت سے بجلی خریداری کا معاہدہ ہو گیا ہے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر او ر ترسلی لائن بچھتے ہی بجلی خرید لیں گے،بھارت سے خام مال منگوانے سے پاکستان کا امپورٹ بل کم ہو سکتا ہے ، ایران کے ساتھ تجارتی معاملات کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں ،معیشت کی ترقی کے لئے حکومت انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے جسکے آنے والے دنوں میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ 66سال سے جو معاملات خراب ہوئے وہ چند ہفتے میں ٹھیک نہیں ہو سکتے ۔

(جاری ہے)

لیکن حکومت خلوص نیت اور سنجیدگی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ پاکستان کی برآمدات کو خطے کی سطح پر آگے بڑھانا چاہتے ہیں ۔ ایران کے ساتھ تجارتی معاملات کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے تجارت کھلنے سے کشمیر ، سیاچن اور پا نی جیسے دیرینہ مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں۔

بھارت سے تجارت کے معاہدے پر فی الحال با ت چیت کا عمل روکدیا ہے ۔ بھارت میں انتخابات کے بعد نئی آنے والی حکومت سے نئے سرے سے بات کریں گے او ریہ معاہدے پائیدار ہوں گے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اب اگر کبھی بارڈر پر کشیدگی ہو تو بھی تجارت کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا فیصلہ 25ماہ قبل ہو چکا ہے جیسے ہی یہ طے ہوگا منفی لسٹ کا خاتمہ کر دیا جائے گا ۔

بھارت سے تجارت کے باعث متاثر ہونے والی اشیاء پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی لگانے کا حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے بات چیت کے عمل پاکستان کے کسان اور تجارت کا ہر صورت پر دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی آٹو موبائل پارٹس اور ٹیکسٹائل کی برآمدات میں دلچسپی ہے ۔ بھارت سے خام مال منگوانے سے پاکستان کا امپورٹ بل کم ہو سکتا ہے ۔ایک مخصوص لابی تجارت کے معاہدے کیخلاف ہے لیکن حکومت معیشت کی ترقی کے لئے ہر اقدام اٹھائے گئے۔ وزیر تجارت نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے جسکے آنے والے دنوں میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔