بارہ سالہ گرل سکاوٴٹ نے 34 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

بدھ 26 مارچ 2014 06:42

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مارچ۔ 2014ء)امریکہ میں ایک سکاوٴٹ گرل نے سات ہفتوں میں بسکٹوں کے 18,107 ڈبے فروخت کر کے اپنی تنظیم کا ملکی سطح پر قائم ریکارڈ توڑ دیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اوکلاہوما شہر سے تعلق رکھنے والی بارہ برس کی کیٹی فرانسس کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کا راز یہ ہے کہ وہ جس سے ملتیں اسے ایک ڈبہ خریدنے کی درخواست کرتیں.

لیکن اس کامیابی کے بعد بھی وہ آرام سے نہیں بیٹھیں بلکہ انھوں نے 30 مارچ تک 20000 ڈبوں کی فروخت کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔

سات ہفتوں کے اس ’کْکی سیزن‘ میں شدید سردی کے موسم کی وجہ سے ایک ہفتے کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔اس سے قبل کا 18000 ڈبوں کی فروخت کا ریکارڈ سنہ 1980 میں قائم ہوا تھا۔کیٹی گذشتہ برس گرلز سکاوٴٹ کی بہترین رکن قرار پائی تھیں جب انھوں نے 12,428 ڈبے فروخت کیے تھے۔

(جاری ہے)

مقامی ٹیلی وژن کوسو سے بات کرتے ہوئے چھٹی جماعت کی طالبہ کیٹی نے کہا ’بسکٹ بیچنے کے لیے تین باتیں ضروری ہیں، یہ کام بہت وقت مانگتا ہے، پابندی اور جو ملے اس سے بسکٹ خریدنے کو کہیں۔

ان کے گروہ کو امداد جمع کرنے والے گروہ کی جانب سے ایک مخصوص رقم ملی ہے اور وہ اسے چھاتی کے کینسر کی تحقیق کے لیے وقف کرنا چاہتے ہیں۔یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کوئی سکاوٴٹ گرل خبروں کی زینت بنی ہے۔گذشتہ ماہ ایک تیرہ برس کی لڑکی نے دانش مندانہ فیصلہ کرتے ہوئے ایک طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے گانجے کی ڈسپنسری کے باہر سٹال لگایا اور دو گھنٹے میں اس نے 117 بسکٹ کے ڈبے فروخت کر دیے۔