رہائشی علاقوں میں موبائل کمپنیوں کے ٹاورز کے مضر اثرات با رے ایوان کو آ گا ہ کیا جا ئے ،سردار ایاز صادق،بائل ٹاور کمپنیوں نے باقاعدہ این او سی کے تحت یہ ٹاور نصب کئے ہیں۔ راجہ جاوید اخلاص

بدھ 26 مارچ 2014 06:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مارچ۔ 2014ء) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کابینہ ڈویژن کے انچارج وزیر راجہ جاوید اخلاص سے کہاہے کہ رہائشی علاقوں میں لگائے جانے والے موبائل کمپنیوں کے ٹاورز سے کینسر کے علاوہ صحت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں یا نہیں ایوان کو تفصیلات سے آگاہ کریں ۔ یہ عوامی نوعیت کا حساس معاملہ ہے۔ منگل کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی ممبران اسمبلی ملک ابرار احمد اور ڈاکٹر عباداللہ کی جانب سے موبائل کمپنیوں کی جانب سے ریاستی علاقوں میں لگائے جانے والے ٹیلیفون ٹاورز کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس پر انہوں نے کابینہ ڈویژن کے انچارج وزیر راجہ جاوید اخلاص سے کہا کہ اس اہم معاملے پر ایوان کو حقائق سے آگاہ کریں۔

قبل ازیں توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کابینہ ڈویژن کے انچارج وزیر راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ بارہ کروڑ عوام اس سہولت سے استفادہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی اے نے ایک جامع پلان کے تحت یہ ٹاور نصب کئے ہیں۔ ان ٹاورز کی وجہ سے صحت پر مضر اثرات مرتب نہیں ہورہے۔ جدید دور میں یہ انقلاب ہے۔ اس پر حکومت نے چیک اینڈ بیلنس رکھا ہے۔ حکومتی ممبر اسمبلی ملک ابرار نے کہا کہ جن علاقوں میں آبادی زیادہ ہے وہاں پر یہ ٹاور لگائے گئے ہیں۔

اس سے مضر صحت وائرس پھیل رہے ہیں۔ جن کمپنیوں نے یہ ٹاور نصب کئے ہیں ان کا ریکارڈ ہمیں فراہم کیا جائے۔ راجہ جاوید اخلاص نے ایوان کو یقین دہانی کروائی کہ موبائل ٹاور کمپنیوں نے باقاعدہ این او سی کے تحت یہ ٹاور نصب کئے ہیں۔ حکومتی رکن اسمبلی ڈاکٹر عباداللہ نے کہا کہ ان کی شعاعوں سے کینسر پھیلتا ہے۔ یہ ٹاور صحت کیلئے مضر ہیں۔ بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس کے تحت موبائل فون ٹاورز سے کینسر پھیل رہا ہے۔ راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ تمام متعلقہ ٹاورز کی اونچائی 125 فٹ سے زیادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :