اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے خلاف فحاشی پھیلانے کے الزام میں دائر اندراج مقدمہ کی درخواست میں عدالت کی جانب سے شو کاز نوٹس جاری

بدھ 26 مارچ 2014 06:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مارچ۔ 2014ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صفدر علی بھٹی نے اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے خلاف اسلامی معاشرے میں فحاشی پھیلانے کے الزام میں دائر اندراج مقدمہ کی درخواست میں عدالت کی جانب سے شو کاز نوٹس جاری ہونے کے باوجود دونوں الزام علیہ کو عدالت میں پیش کرنے کے بجائے خود بھی حاضر نہ ہونے پر بذریعہ ایس پی متعلقہ ایس ایچ او مزنگ کو شوکاز نوٹس جاری کرکے ایس پی کو حکم دیا ہے کہ وہ2 اپریل کو ایس ایچ او مزکورہ سے عدالتی حکم کی تعمیل کروائے اور عدالت میں وضاحت پیش کی جائے کہ اس نے اداکارہ اور کیپٹن نوید کو عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا اور اس کے اپنے غیر حاضر ہونے کی کیا وجوہات تھیں ورنہ اس کے خلاف ضابطہ کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی استغاثہ کے مطابق مزنگ کے رہائشی محمد شبیر نے اپنے وکیل اختر محمود ڈھلوں کی وساطت سے دائر کردہ اندراج مقدمہ کی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سائل نے انٹر نیٹ پر یو ٹیوب میں اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کی ایک انتہائی فحش ویڈیو دیکھی جس سے پاکستانی ہونے کے ناطے میرا سر شرم سے جھک گیا انہوں نے یہ فحش ویڈیو انٹر نیٹ پر ڈاؤن لوڈ کرکے انتہائی غیر اسلامی جرم کیا ہے جبکہ اس ویڈیو سے ہماری اسلامی معاشرے کی نوجوان نسل بے را ہ روی کا شکار ہو گی جبکہ اس سے عالم اقوام میں پاکستان کی ساکھ کو انتہائی نقصان ہوا ہے میں بطور ایک پاکستانی شہری تھانہ مزنگ پولیس کے پاس ان کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لئے گیا مگر پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا جائے تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے جس پر عدالت نے متعدد بار ایس ایچ او تھانہ مزنگ کو شوکاز نوٹس جاری کرکے طلب کیا اور اس کے ساتھ اسے اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کو بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا مگر ایس ایچ او نے عدالت کے احکامات کی کوئی پرواہ نہ کی اور الزاعلیہان کو پیش کرنے کے بجائے خود بھی حاضر نہ ہوا جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بذیعہ ایس پی شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے دو اپریل تک سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :