مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکہ یا کسی دوسرے فریق کی ثالثی قبول نہیں ، سلمان خورشید ، بھارت نے ہمیشہ پاکستان سے بہتر تعلقات کے ساتھ تمام معاملات کو پرامن طور پر بات چیت سے حل کرنے کے حق میں رہا ، مگر اپنے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دینگے ،بیان

جمعرات 27 مارچ 2014 07:15

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء) بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکہ یا کسی دوسرے ملک کی ثالثی ہرگز قبول نہیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کرنے کی امریکی صدر سے اپیل بارے تبصرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا کہ نئی دہلی کسی تیسرے ملک کی ثالثی کے بغیر تمام دوطرفہ مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایسی کوئی کوشش ہمارے لئے ناقابل قبول ہے بھارت اپنے اندرونی معاملات میں کسی دوسرے ملک کی مداخلت کو برداشت نہیں کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان سے بہتر تعلقات کے ساتھ تمام معاملات کو پرامن طور پر بات چیت سے حل کرنے کے حق میں رہا ہے مگر وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے کشمیر کے مسئلے پر تیسرے فریق کو ثالث بنانے کی بات ہمارے لئے کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے ہم اپنے مسائل اچھی طرح سمجھتے ہیں اور ان کو حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اس حوالے سے قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔