پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس مظہر عالم کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تقرری کی منظوری دیدی

جمعرات 27 مارچ 2014 07:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء) اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرری کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس مظہر عالم کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تقرری کی منظوری دے دی ہے ۔ پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چوہدری محمد بشیر ورک نے کی ۔ بقیہ ارکان میں سینیٹر راجہ ظفر الحق ،سینیٹر فاروق ایچ نائیک ، ایم این اے سید نوید قمر اور مخدوم شاہ محمود قریشی کے علاوہ سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک اجلاس میں شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے تیرہ مارچ 2014ء کے اجلاس میں سفارش کردہ جسٹس مظہر عالم کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ مقرر کرنے کے معاملے پر تفصیل سے بحث کی گئی اور تفصیلی بحث کے بعد ان کے نام کی منظوری دے دی گئی۔ اب یہ نام نوٹیفکیشن کے اجراء کے لئے وزیراعظم نوازشریف کے ذریعے ایوان صدر کو بھجوایا جائے گا جس کے بعد جسٹس مظہر عالم اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ موجودہ چیف جسٹس فصیح الملک سات اپریل کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوجائینگے ان کی جگہ جسٹس مظہر عالم چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ہوں گے ۔