وزیر اعظم ملک میں جاری بجلی بحران سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ،چوہدری محمد سرور،لسانیت ختم کر کے غربت اور بے روزگاری جیسے دشمنوں سے لڑنا ہوگا ،68سال گزرنے کے باوجود پینے کا صاف پانی تک مہیا نہ ہونا حکومتوں کی بدقسمتی ہے ،پنجاب سے شروع کی گئی کلین واٹر،سیف لائف مہم کو دیگر صوبوں تک بھی وسعت دیں گے،گورنر پنجاب

جمعرات 27 مارچ 2014 07:03

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف ملک میں جاری بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں ،لسانیت کو ختم کر کے غربت اور بے روزگاری جیسے دشمنوں سے لڑنا ہوگا ۔68سال گزر جانے کے باوجود پینے کا صاف تک مہیا نہ ہونا حکومتوں کی بدقسمتی ہے ۔پنجاب سے شروع کی گئی کلین واٹر ۔

سیف لائف مہم کو دیگر صوبوں تک بھی وسعت دیں گے ۔وہ بدھ کو مقامی ہوٹل میں ہیومین رائٹس گروپ آف پاکستان کے تحت پانی کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ ” واٹر اینڈ انرجی “ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ایچ آر جی پی کے چیئر مین ڈاکٹر شیر علی رضوی ، سیکرٹری جنرل افتخار حسین ،سلیم عباس جیلانی ، ڈنمارک کے سفیر جیسپر مورلر ، ڈاکٹر سلمان صفدر اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں حقیقتا اس وقت سب سے اہم ایشو پانی اور توانائی بحران ہی ہے اور یہ تمام صوبوں کے لئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈینش حکومت نے پینے کے صاف پانی سے متعلق مختلف پروجیکٹس پر معاہدے کئے ہیں اور ہمیں پاک ڈنمارک سفارتی تعلقات پر فخر ہے ۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہیومین رائٹس گروپ کی جانب سے ان ایشوز پر بہترین خدمات انجام دینے والوں کو ایوراڈز دینا لائق تحسین ہے ان کے اس اقدام سے دیگر اداروں کو بھی آگے بڑھنا چاہیئے ۔

پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ملک میں 80فیصد بیماریوں کا موجب بن رہی ہے ۔ جب تک ہر عام شہری تک یہ قدرتی نعمت نہیں پہنچائی جاتی تب تک صحت کے شعبے میں بھی مسائل کا سامنا رہے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بجلی بحران کے ایشو پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے اور اس سے جلد چھٹکارا پانے کی کوششیں بھی شروع کر دی گئی ہیں ۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کرپشن زدہ قوم کا لیبل ہمارے اوپر غلط لگایا جاتا ہے اگر اچھے لوگ اس لیبل کو اتار پھینکیں تو یہ ملک کی سب سے بڑی خدمت ہوگی ۔

کچھ عناصر ایسے ہیں جنہوں نے پانی کے ایشو پر کروڑوں کی کرپشن کر کے قوم کے بچوں کو زہر دیا ہے ۔ گورنر ہاؤس پنجاب میں مجھ سمیت غیر ملکی مہمان بھی پلانٹ کا فلٹر پانی پیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کے لئے گورنر ہاؤس پنجاب کے دروازے کھلے ہوئے ہیں ۔ ہمیں لسانیت سے چھٹکارا پاتے ہوئے اپنے اصل دشمنوں غربت اور بے روزگاری سے جنگ لڑنی ہوگی ۔

میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی قوم کے علاوہ کوئی بھی دوسری قوم پے در پے آنے والی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتی ہے ۔ یورپی ممالک میں اگر دو گھنٹے لوڈ شیڈنگ شروع ہو جائے تو وہ دودن میں دیوالیہ ہو جائیں گے لیکن ہم اپنی بزنس کمیونٹی کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے باوجود بھی جابز فراہم کرتے ہیں اور ملکی معیشت کا پہیہ چلا رہے ہیں ۔

اس موقع پر ہیومین رائٹس گروپ کے چیئر مین ڈاکٹر شیر علی کا کہنا تھا کہ میں پاکستانی عوام کو پانی اور بجلی کے معاملے پر حکومتی کوششوں میں ہاتھ بٹانے کی گذارش کرتا ہوں اور ہماری سماجی ذمہ داری ہے کہ ہم بھی پانی جیسی نعمت کو ضائع نہیں کریں ۔انہوں نے کہا کہ واٹر ٹریٹمنٹ کے وسیع نیٹ ورک کو پاکستان میں پھیلانے میں سب سے اہم کردار پاک اوسس پرائیوٹ لیمیٹیڈ کا ہے جس نے دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کو پہنچایا ہے ۔

ایچ آر جی پی انسانی حقوق کے ہر ایشو کو محض جذبہ انسانیت کے ناطے حل کرنے کی کوشش کرتی ہے ۔بعد ازاں صاف پانی کی فراہمی ، سماجی خدمات اور انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والوں جن میں پاک اوسس پرائیوٹ لیمیٹیڈ کے سی ای او ارشاد حسین ، بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض ،اے آر وائی گروپ کے مرحوم حاجی عبدالرزاق اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو بھی ایوراڈز سے نوازا گیا ۔بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کا ایوارڈ ان کے سی ای او زین ملک جبکہ حاجی عبدالرزاق کا ایوارڈ ان کے بھتیجے شعیب نے وصول کیا۔